ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اعلیٰ امریکی جنرل کا شمالی شام کا خفیہ دورہ

اعلیٰ امریکی جنرل کا شمالی شام کا خفیہ دورہ

Sun, 26 Feb 2017 10:55:31    S.O. News Service

واشنگٹن،25فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)امریکا کی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ نے شام کے شمالی علاقے کا خفیہ دورہ کیا ہے اور کرد باغی لیڈروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ان باغی لیڈروں کا تعلق شام میں سرگرم باغی گروپ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز سے ہے۔امریکا کی سنٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے انتہائی خفیہ انداز میں شمالی شام کا ایک اور دورہ کیا ہے۔ جمعہ چوبیس فروری کو جنرل ووٹل نے شمالی شام کے کرد علاقے میں سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (SDF) کے مرکزی نمائندوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ اس دورے کی تصدیق سیرین ڈیموکریٹک فورسز نے کر دی ہے۔ اِس مسلح عسکری گروپ میں کرد جنگجْوؤں کے علاوہ مقامی عرب فائٹرز بھی شامل ہیں۔شمالی شام کے اِس باغی گروپ کے ترجمان طلال سیلو نے بتایا کہ امریکی جنرل کے ساتھ شام کی مجموعی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ڈی ایف کی عسکری کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سیلو نے بتایا کہ امریکی جنرل نے مستقبل میں بھاری ہتھیار فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ انہوں نے امریکی جنرل کے دورے کو انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیا۔ جنرل ووٹل ٹرمپ انتظامیہ کے پہلے اعلیٰ فوجی افسر ہیں جنہوں نے شمالی شام کا دورہ کرتے ہوئے مقامی باغی رہنماؤں سے ملاقات کر کے تبادلہ خیال کیا ہے۔طلال سیلو نے نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی جنرل نے وعدہ کیا ہے کہ حلب کے ایک شہر مَنبِج کو ترک فوجی حملے سے بچایا جائے گا۔ امریکی فوج کے ہیڈکوارٹرز پینٹاگون نے جنرل ووٹل کے دورے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔جنرل ووٹل گزشتہ برس مئی میں بھی شمالی شام کا ایک دورہ کر چکے ہیں۔ ایس ڈی ایف اِس وقت جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی خود ساختہ خلافت کے مرکز الرقہ کی بازیابی کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس مہم میں امریکی فوجی مشیر بھی باغیوں کی معاونت کر رہے ہیں۔ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کو امریکی حمایت حاصل ہے اور یہ صدر بشارالاسد کی حکومت کے علاوہ اسلامک اسٹیٹ کے خلاف بھی اپنی مسلح جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ تنظیم سن 2015 میں قائم کی گئی تھی۔ اس کے قبضے میں شمالی شام کی کرد اور عرب آبادیوں پر مشتمل علاقے ہیں۔ انہی علاقوں کے رضاکار اب اب ایس ڈی ایف کی عسکری قوت کا حصہ ہیں۔


Share: