لکھنؤ، 27؍مارچ(آئی این ایس انڈیا / ایس او نیوز) ریاستی حکومت کے سابق وزیر اور سماج وادی پارٹی (ایس پی)کے سینئر لیڈر اعظم خاں نے ملک بھر میں گایوں سمیت دیگر جانوروں کے ذبح کئے جانے پر روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے مسلمانوں سے بھی گوشت کھانا بند کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں گایوں کے ذبح کئے جانے پر پابندی عائد ہو نی چاہیے ، ایسا کیوں ہے کہ یہ دیگر ریاستوں میں تو غیر قانونی ہے، لیکن کیرالہ اور مغربی بنگال جیسی ریاستوں میں قانونی ہے۔ریاستی حکومت کی طرف سے غیر قانونی مذبح کے خلاف کی جارہی کارروائی کی صورت حال واضح کرنے پر اعظم نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر جانور قانونی طریقہ سے مذبح میں ذبح کئے جاتے ہیں ،تو یہ ٹھیک ہے، لیکن وہی جانور اگر غیر قانونی مذبح میں ذبح کئے جاتے ہیں تو یہ غلط ہے۔اعظم نے کہا کہ قانونی ، غیر قانونی دونوں چیزیں بند ہونی چاہیے ، سبھی مذبح بند ہونے چاہیے ، کسی بھی جانور کو نہیں ذبح کیا جانا چاہیے ۔خان نے جین کمیونٹی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ چکن اور بکرے کے کاٹے جانے کی بھی مخالفت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہیں اسلام میں بھی گوشت کھانا لازمی نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے علماء کرام کو لوگوں سے اپیل کرنی چاہیے کہ وہ گوشت نہ کھائیں۔