ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اسکول پر دھاوے کے ذمے دارہندتوا بریگیڈ کے 16کارکن گرفتار

اسکول پر دھاوے کے ذمے دارہندتوا بریگیڈ کے 16کارکن گرفتار

Tue, 02 Aug 2016 19:56:26    S.O. News Service

 

منگلورو 2؍اگست (ایس او نیوز)پچھلے دو تین دن قبل سینٹ تھامس اسکول میں اردو اورعربی کلاسس جاری رکھنے کے خلاف ہندتوا بریگیڈ کے ایک دھڑے سری رام سینا کے اراکین نے جو دھاوا بولا تھااس معاملے میں سٹی پولیس نے سری رام سینا کے 16کارکنوں کو گرفتارکرلیا ہے۔خیال رہے کہ منگلورو کے دیہی پولیس اسٹیشن کی حدود میں یہ واقعہ پیش آیا تھا جہاں مذکورہ تنظیم کے کارکنوں نے اسکول کے اندر گھس کر عربی اور اردو کی کلاسس بند کرنے اور ان مضامین کے اساتذہ کو اسکول میںآئندہ قدم نہ رکھنے کی دھمکیاں دینے کے بعد بچوں کی کتابیں اور کاپیاں بھی چھین لی تھیں۔اور سری رام سینا کے ایک مقامی لیڈر نے علی الاعلان اس حرکت کو جائز بھی قرار دیاتھا۔
اس سلسلے میں پہلے خبر آئی تھی کہ اس گھُس پیٹ اور زور زبردستی کے خلاف کسی نے بھی پولیس میں شکایت درج نہیں کی تھی۔ مگر اب پتہ چلا ہے کہ اسکول کے ہیڈماسٹر میلوین نے پولیس میں شکایت درج کی کہ 30سے زائد لوگوں نے زبردستی کلاس میں گھس کر ہنگامہ مچایاتھا۔اس کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور دو دن قبل سری رام سینا سے وابستہ نتین، دنیش اور سنتوش نامی تین کارکنوں کو گرفتار کیا تھا۔سٹی پولیس چیف ایم چندر سیکھر کے مطابق ان گرفتارشدہ ملزموں سے پوچھ تاچھ کے بعد اس غیر قانونی چھاپہ ماری میں ملوث دیگر لوگوں کے نام معلوم ہوئے اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 13ہندو شدت پسند تنظیم سری رام سینا کے اراکین کو گرفتار کرلیا ہے جن کی شناخت مکیش، روی، چیتن، نتین، کشور،سنیل ، نتین، راجیش، روی، راگھویندرا، جینت پرکاش اور چندرا ہاس کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے اس نے گرفتار شدہ ملزمین کے خلاف کسی عمارت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے اور کسی سرکاری افسر کو اپنی ذمہ داری ادا کرنے سے روکنے کے الزامات کے تحت کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
کرناٹکا کومو سوھاردا ویدیکے کے ڈسٹرکٹ صدر سریش بھٹ نے اپنے اخباری بیان میں کہا ہے کہ مبینہ طور پر سری رام سینا سے وابستہ 17لوگوں پر مشتمل ایک ٹیم نے اسکول میں گھس کر عربی اور اردو سکھانے کے خلاف ہنگامہ مچایاتھا اور اساتذہ کو دھمکیاں دی تھیں۔جبکہ اس واقعے کی ہر طرف سے مذمت کی گئی ہے۔ لیجس لیٹیو کاونسل میں کانگریس کے چیف وہپ ایوان ڈیسوزا نے اسکول کا دورہ کرکے حالات کی جانکاری حاصل کی۔اورسٹی پولیس کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا کہ شرپسندوں کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے۔ڈی وائی ایف آئی کے سکریٹری دنیش بونڈنتھیلا نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسکول والے اپنی مرضی سے زبردستی نہیں بلکہ طلباء کو ان کی اپنی دلچسپی کی بنیاد پر عربی زبان سکھارہے تھے۔
 


Share: