جنیوا5اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)دہشت گرد ملیشیا اسلامک اسٹیٹ نے جمعرات کو ایک ہی روز کے اندر اندر شمالی عراق میں پناہ کے متلاشی تین ہزارافرادکویرغمال بنا لیا اور اُن میں سے کم از کم بارہ کو ہلاک کر دیا۔ یہ بات جنیوا میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین یُو این ایچ سی آر کی جانب سے عراق میں موجود ذرائع کے حوالے سے بتائی گئی ہے۔ یُو این ایچ سی آر کے ایک ترجمان کے مطابق یرغمال بننے والوں کو صوبے کِرکُوک میں ہونے والی جھڑپوں کی وجہ سے اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے تھے اور وہ اسی نام کے شہرمیں پناہ لینے کے لیے جا رہے تھے۔ اس عالمی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق جنوری 2014ء سے اب تک عراق میں تقریباً 3.4ملین انسانوں کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے ہیں۔