ایٹہ نگر ، 17؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )پیما کھانڈو نے آج اروناچل پردیش کے نویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔اس کے ساتھ ہی شمال مشرق کی اس ریاست میں جاری سیاسی اتھل پتھل کا دور ختم ہو گیاجبکہ چونا مین نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔سابق وزیر اعلیٰ دورجی کھانڈوکے 37سالہ بیٹے پیما ملک کے سب سے نوجوان وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں۔انہیں اور مین کو یہاں راج بھون میں گورنرتتھاگت رائے نے حلف دلایا۔گورنر نے وزیر اعلی نبام تکی کو اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ ثابت کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن اس کے کئی گھنٹے پہلے ہی کانگریس پارٹی اراکین نے تکی کی جگہ پیما کھانڈو کو پارٹی اراکین کا لیڈر منتخب کر لیا۔اس ہفتے کے آغازمیں سپریم کورٹ کے حکم کے بعد تکی وزیر اعلی کے عہدے پر بحال ہو گئے تھے۔اس کے بعد 45پارٹی ممبران اسمبلی اوردو آزاد ممبران اسمبلی کی حمایت سے پیما نے حکومت بنانے کا دعوی پیش کیا تھا۔معزول وزیر اعلی کھلیکو پل بھی 30غیر مطمئن ممبران اسمبلی کے ساتھ پارٹی میں واپس آئے۔60رکنی اسمبلی میں فی الحال 58ممبران اسمبلی ہیں اور کانگریس کا دعوی ہے کہ اسے 2 آزادممبران اسمبلی سمیت 47ممبران اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔