حیدرآباد:7/اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا ) شعبہئ اسلامک اسٹڈیز، اردو یونیورسٹی میں طلبہ کو NET/JRF کے مقابلہ جاتی امتحان سے مانوس کرنے اور اس کی عملی مشق کرانے کے لئے NET/JRFکی طرز پر ”کوئز مقابلہ“منعقد کیا گیا۔ قومی سطح پر منعقد ہونے والے اہلیتی امتحان کی تیاری کے لئے یہ پروگرام ترتیب دیا گیا تھا، ایم اے سال اول ودوم کے طلبہ کی چار ٹیمیں بنائی گئیں، بی اے کے طلبہ بھی ٹیموں میں شریک ہوئے، تین مرحلوں میں مقابلے کرائے گئے۔ پاورپوائنٹ کے ذریعہ انگریزی اور اردو میں سوال پیش کئے گئے۔صالح امین (پی ایچ ڈی) نے پہلے اور سید عبد الرشید (پی ایچ ڈی) نے دوسرے راؤنڈ کی کارروائی چلائی اور محمد عامر (ایم فل)نے تیسرے مرحلہ کی کارروائی چلائی۔ محترمہ ذیشان سارہ (استاذ شعبہ) نے آخری مرحلہ کی کارروائی چلائی۔ کوئز مقابلہ میں B ٹیم نے اول اور Cٹیم نے دوم مقام حاصل کیا، سب سے زیادہ جوابات دینے پر محمد خالد (ایم اے سال دوم)کو اول اور صلاح الدین (ایم اے سال اول) کو دوم انعام حاصل ہوا۔ ڈاکٹر محمد عرفان احمد (اسسٹنٹ پروفیسر) نے تمام شرکاء کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ NET/JRF کے امتحان میں کامیابی کے لئے معلومات کے حصول کے ساتھ ذہنی تیزی بھی ضروری ہے، غور وفکر اور منطقی نوعیت کے سوالات کو حل کرتے وقت جلد بازی سے گریز کرنا چاہئے۔ مماثل الفاظ والے سوالات پر خصوصی دھیان دینا چاہئے۔ اہم تاریخیں، سلطنت کے بانیان،مسلم سائنس دانوں کے ناموں اور ان کے اختصاصات کو ذہن نشین کرنا امتحان میں کامیابی کے لئے ضروری ہے۔ پروگرام کا آغاز ابو الکلام (ایم اے)کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا، رضوانہ بیگم (ایم اے) نے نظم پیش کی، عبد الرقیب(پی ایچ ڈی) اور سید منہاج (ایم فل) نے حکم کے فرائض انجام دیئے، محترمہ ذیشان سارہ (استاذ شعبہ) نے پروگرام کی نظامت کی۔