نئی دہلی:11/دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ارجت پٹیل کے استعفیٰ کے بعد ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کو اس کا نیا گورنر مل گیا ہے۔ فنا ئنس کمیشن کے رکن شکتی کانت داس کو آر بی آئی کا 25 واں گورنر بنایا گیا ہے۔ ریزرو بینک کے گورنر کے عہدے پر ان کی تقرری تین سال کے لئے کی گئی ہے ۔ شکتی کانت داس اس سے پہلے اقتصادی امور کے سیکرٹری کے عہدے پر بھی اپنے خدمات دے چکے ہیں۔ گزشتہ سال وہ اس عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔ مودی حکومت کے نوٹ بندی کے فیصلے میں بھی ان کااہم کردار رہا تھا ۔نئی دہلی کے سینٹ اسٹیفن کالج سے ماسٹرز کی ڈگری لینے والے شکتی کانت داس حکومت ہند کے وزارت خزانہ وغیرہ کے ساتھ کئی اہم عہدوں پر کام کیا ہے ۔ واضح ہو کہ گزشتہ سال ہوئے نوٹ بندی کے فیصلے میں بھی شکتی کانت داس کا اہم کردار تھا ۔ حکومت کی طرف سے کئے گئے اس فیصلے کا ڈرافٹ بنانے والوں میں شکتی کانت داس بھی شامل تھے۔غور طلب ہے کہ ریزرو بینک کی خود مختاری سمیت کئی مسائل پر مرکزی حکومت کے ساتھ اختلافات کے بعد ریزرو بینک کے 24 ویں گورنر ارجت پٹیل نے پیر کی شام اچانک استعفیٰ دے کر سب کو چونکا دیا تھا ۔تاہم انہوں نے اس کے پیچھے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیا ہے ۔