حیدرآباد، 22؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اے آئی ایم آئی ایم کے صدراور حیدرآبادسے ممبر پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی اترپردیش میں اسمبلی انتخابات لڑنے کے لیے اتحاد کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں سماجوادی پارٹی وعدے پورے نہیں کرنے کی وجہ سے عوام کی ناراضگی کا سامنا کر رہی ہے۔اویسی نے میڈیا سے کہاکہ ہمارے ریاستی صدر شوکت علی کچھ تنظیموں، کچھ لیڈروں اور کچھ پارٹیون کے رابطے میں ہیں۔اس پر کچھ بھی تبصرہ کرنا ابھی جلدبازی ہو گی ، یقینی طور پر اتحاد کو لے کرہمارے دروازے کھلے ہیں لیکن یہ اتحاد سماج وادی پارٹی، کانگریس یا بی جے پی جیسی پارٹیوں کے ساتھ نہیں ہو سکتا۔ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا ان کی پارٹی کے انتخابات کے لیے چھوٹی پارٹیوں کے ساتھ ہاتھ ملانے کا امکان ہے۔ریاست میں اگلے سال کے شروع میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔حیدرآباد سے لوک سبھا رکن نے کہاکہ میں اس طرح کے معاملات میں شامل نہیں ہوں، ہمارے ریاستی صدر وہاں ہیں، ہمیں کچھ وقت انتظار کرنا پڑے گی۔حال میں اتر پردیش میں دو عوامی جلسوں سے خطاب کر چکے اویسی نے کہا کہ ان کی پارٹی کوعوام کی طرف سے بہت اچھا ردعمل مل رہا ہے جو بہت خوشی کی بات ہے اور اس سے ان کی پارٹی کو کافی زیادہ بھروسہ ملا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کے خلاف عوام میں یقینی طور پر کافی زیادہ ناراضگی پائی جارہی ہے کیونکہ انہوں نے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے، حکومت کی تنقید ہو رہی ہے۔وہ قانون وانتظام کی صورت حال کو قابو میں کرنے میں ناکام رہے ہیں ا ور اب ان کی پارٹی کے اندر ہی شدید داخلی انتشار چل رہا ہے ۔