ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتحاد میں انتشار پیدا کرنے والوں کی کوششیں ناکام کریں:رکن اسمبلی

اتحاد میں انتشار پیدا کرنے والوں کی کوششیں ناکام کریں:رکن اسمبلی

Tue, 07 Feb 2017 12:04:21    S.O. News Service

جمہوریت میں سب کو مساوی حقوق ہیں:ایس پی کھرے
شیموگہ:6فروری(ایس او نیوز)سماج میں جو اتحاد موجود ہے اس میں انتشار پھیلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، ان کوششوں کو ناکام کرنے کیلئے شیموگہ کی عوام ہر ممکن کوشش کرے۔جہاں حق ہے وہاں باطل بھی ہوتا ہے،اسی طرح سے امن میں انتشار ڈالنے والوں کی کمی نہیں ہے۔اس بات کااظہار رکن اسمبلی کے بی پرسننا کمارنے کیا ہے۔انہوں نے کل شہر کے ایس پی آفیس میں محکمہ پولیس کی جانب سے مدعو کردہ خصوصی نشست کی صدارت انجام دیتے ہوئے کہا کہ شیموگہ حساس علاقہ ہے اس لئے یہاں بار بار شر پھیلانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔کچھ سال قبل بھی فرقہ وارانہ فسادات کئے گئے تھے جس میں بے گناہوں کا خون بہہ تھا اور جو اس فساد کی جڑ تھے و ہ محفوظ رہ گئے۔اسی طرح سے پچھلے دنوں شہر کے سیہادری کالج میں بھی کچھ شر پسندوں نے اپنے مفادات کی خاطر برقعہ کو مدعہ بنا کرانتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اے بی وی پی کے طلباء اس معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔حالانکہ برقعہ و یونیفارم کے مسئلہ کو پہلے ہی دن حل کرلیا گیا تھا لیکن دوسرے دن بھی اے بی وی پی کے طلباء نے بڑے پیمانے پر احتجاج کرتے ہوئے ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی،لیکن افزود پولیس کی تعیناتی کرتے ہوئے ہم نے معاملہ کو قابو لایا۔میں مسلم طالبات سے بس اتنی گذارش کرنا چاہوں گا کہ وہ ایسے شرپسندوں کی دھمکیوں سے نہ ڈریں بلکہ اپنی تعلیم جاری رکھیں،مسلم طالبات نہایت ذہین ہوتی ہیں انہیں چاہیے کہ وہ ایسے حالات سے ڈٹ کر مقابلہ کریں ا ور اپنی تعلیم کو مکمل کریں۔مزید انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو بڑھاوادینے میں کچھ لکچررس کی مداخلت ہے،ان کے خلاف بھی کارروائی کرنے کیلئے یونیورسٹی کو ہدایت دی گئی ہے۔رکن اسمبلی نے کہا کہ برقعہ کے خلاف کوئی بھی حکومت کارروائی کرے تو اُس حکومت کا زوال یقینی ہے کیونکہ یہ ایک مذہب کی اہم رسومات میں سے ایک ہے ۔ ایس پی ابھئینو کھرے نے بات کرتے ہوئے کہا کہ برقعہ کو مدعہ بنانا نئی بات نہیں ہے،اس سے پہلے بھی مختلف علاقوں میں برقعہ کو مدعہ بنا کر شر پھیلانے کی کوشش کی گئی تھی،تیرتھ ہلی میں بھی اس طرح کی مذموم کوشش ہوئی،لیکن پولیس اور ضلع انتظامیہ نے اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو ناکام کیا ہے۔ایس پی کھرے نے کہا کہ حالات اب قابو میں ہیں ، لیکن سوشیل میڈیا کے ذریعے سے افواہوں کا بازار گرم ہے۔عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں کو ترجیح نہ دیں۔اس موقع پر سوڈا کے صدر قاضی محمد عثمان،نورانی مسجد کے صدر قادر خان ، جماعت اسلامی کے رکن ملّا عبدالواہاب،ریاستی حج کمیٹی کے رکن سید وحید اڈو،قلندریہ اسوسیشن کے صدرمحمدانور قادری،مفتی مجیب اللہ،انجمن اصلاح المسلمین کے صدر رضی اللہ(سوداگر بخشی ) کارپوریٹر عبدالرحمن،پرویز احمد ، کانگریس لیڈر شاہ میر خان وغیرہ موجود تھے ۔قلندریہ اسوسیشن کے صدرمحمدانور قادری نے رکن اسمبلی پرسنناکمار اور ایس پی ابھیئنوکھرے کی جانب سے بروقت منصفانہ رویہ اختیار کرنے پر تہنیت پیش کرتے ہوئے ان کی گُل پوشی کی۔


Share: