نئی دہلی،17/نومبر(آئی این ایس انڈیا) عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ کا کہنا ہے کہ آئندہ سال کے اوائل میں ہونے والے دہلی اسمبلی انتخابات میں ’آپ‘ اور بی جے پی کے درمیان براہ راست مقابلہ ہوگا اور کانگریس مقابلہ میں ہی نہیں ہے۔سنگھ نے ان خبروں کو خارج کر دیا کہ کانگریس ہریانہ کی طرح انتخابات میں چھپا رستم ثابت ہو سکتی ہے اور سخت ٹکردے سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی دارالحکومت میں صورتحال بالکل مختلف ہے۔آپ کے ایم پی سنگھ نے دعوی کیا کہ دہلی میں کوئی کانگریس کا ذکر بھی نہیں کرتا اور اسے دہلی میں ہونے والے انتخابات میں حریف نہیں سمجھا جا سکتا۔انہوں نے کہاکہ دہلی میں لوگوں نے ہمارا کام دیکھا ہے اور وہ اس سے خوش ہیں۔وہ اس بنیاد پر ہی ووٹ دیں گے۔سنگھ نے اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس کے ساتھ انتخاب سے قبل اتحاد کرنے کے امکانات کو مسترد کردیا۔آئندہ انتخابات کو لے کر’آپ‘ کے ایجنڈے کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں ’آپ‘ حکومت اپنے منصوبوں کے ذریعے معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچی، یہاں تک کہ چاہے وہ بچوں اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے تعلیم ہو، بوڑھے کے لئے حج اور عمرہ وغیرہ ہو، بسوں میں خواتین کے لئے مفت سفر ہو یا ان کی حفاظت کے لئے سی سی ٹی وی لگانے کی منصوبہ بندی ہو۔انہوں نے کہاکہ یہ اشارہ ہے کہ ہم سب کو آگے لے جانے پر غور کرتے ہیں۔یہی وہ ایجنڈے ہیں، جنہیں حکومت اقتدار میں آنے کے بعد آگے لے کر جائے گی۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا دہلی میں غیر منظور شدہ کالونیوں کے قوانین سے متعلق مرکز کے حالیہ اعلان کے بعد بی جے پی کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ سنگھ نے کہا کہ یہ بھگوا پارٹی کی ایک اور’جملہ‘ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی اس قدم کے لئے سنجیدہ ہے تو وہ اس کے لئے آرڈیننس لا سکتی تھی لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔یہ ’جملہ‘ کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔