ہیملٹن،25؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) نیوزی لینڈ کے فیصلہ جائزہ کے نظام( ڈی آرایس) کا صحیح طرح سے استعمال نہیں کر پانے سے ہاشم آملہ اور کپتان فاف ڈپلیسس نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹیسٹ کرکٹ میچ کے بارش سے متاثر پہلے دن آج یہاں واپسی دلائی۔ نیوزی لینڈ نے اپنے دونوں ریفرل 29 ویں اوور تک گنوا دئے تھے۔ اس کے 13 گیند بعد ڈپلیسس جب 16 پر تھے تب گیند ان کے بلے کو چوم کر وکٹ کیپر کے پاس پہنچی تھی لیکن امپائر نے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا۔ سٹمپ اکھڑنے کے وقت جنوبی افریقہ نے چار وکٹ پر 123 رنز بنائے ہیں۔ ڈپلیسس 33 اور تیمبا باوما 13 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔ بارش کی وجہ سے تین گھنٹے کا کھیل برباد ہوا اور صرف 41 اوور کا ہی کھیل ہو پایا۔ سیریز میں 1۔0 سے آگے چل رہے جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن چوتھے اوور تک اس نے اپنے دونوں سلامی بلے بازوں، اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے تھینس دی بروین( صفر) اور ڈین ایلگر( پانچ)، کے وکٹ گنوا دئے تھے۔اگر نیوزی لینڈ نے صحیح وقت پر ڈی آرایس لے لیا ہوتا تو اسکور تین وکٹ پر 28 رن ہو جاتا۔ نیل ویگنر نے جے پی ڈومنی کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی لیکن امپائر نے اسے ٹھکرا دیا۔نیوزی لینڈنے اگر ریفرل لیا ہوتا تو ڈومنی پویلین میں ہوتے۔ڈومنی نے 20 رنز بنائے اور آملہ( 50) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 59 رن جوڑے۔ ڈومنی لنچ کے فورا بعد پویلین لوٹے جبکہ آملہ بھی اپنی 32 ویں نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری اور کولن دی گریڈہوم نے 2-2 وکٹ لئے ۔