ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس (اتراکھنڈ) کی صوبائی میٹنگ دہرہ دون میں منعقد

آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس (اتراکھنڈ) کی صوبائی میٹنگ دہرہ دون میں منعقد

Tue, 31 May 2016 12:16:18    SO News/INS India

گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالج اور محکمہ آیوش اتراکھنڈ میں ڈپٹی ڈائرکٹر یونانی کے تقرر کا مطالبہ

دہرہ دون30مئی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس (اتراکھنڈ) کی جنرل باڈی میٹنگ صوبائی دفتر واقع 1 اِندر روڈ، دہرہ دون میں زیر صدارت تنظیم ہذا کے صوبائی صدر ڈاکٹر محمد اسلم قاسمی منعقد ہوئی۔ اس موقع پر بطور مہمان خصوصی پروفیسر مشتاق احمد (صدر شعبہ یونانی،کیپ ٹاؤن یونیورسٹی، ساؤتھ افریقہ اور آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے قومی صدر) نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ طب یونانی ایک مکمل میڈیکل سائنس ہے اور اس میں بااثر اور صدیوں آزمائے ہوئے نسخے موجود ہیں۔ آج ہندوستان میں آیوروید کے ساتھ صوبائی حکومتو ں کے عدم تعاون کے باوجود اپنی خوبیوں کی وجہ سے عوام میں انتہائی مقبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد سے ملک کے کسی بھی صوبے میں کوئی گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالج قائم نہیں ہوسکا ہے جبکہ صوبائی حکومتیں آیوروید کی متعدد یونیورسٹیز اور گورنمنٹ آیورویدک میڈیکل کالجز قائم کرچکی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت کی سطح پر طب یونانی کو باوقار مقام حاصل ہے جس کی وجہ سے ہی کیپ ٹاؤن یونیورسٹی، ساؤتھ افریقہ میں صدر شعبہ یونانی کے طور پر میرا تقرر ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے شعبہ میں طب یونانی کو کافی کام کرنا ہے اور یہ تبھی ممکن ہے کہ جب ملک میں قائم شدہ طبیہ کالجز حقیقت میں طب یونانی کی تعلیم دینے کے اہل ہوں۔ اس موقع پر ہمالیہ ڈرگ کمپنی کے چیئرمین اور آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے سرپرست ڈاکٹر سیّد فاروق نے کہا کہ دنیا یونانی اور آیوروید کی طرف امید لگائے ہوئے ہے۔ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے معیاری ادویہ فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے احساس دلایا کہ طب یونانی پاکیزہ طریقہ علاج ہے اور عوام کا اس پر بہت بھروسہ ہے اس لیے جن کے کندھوں پر طب یونانی کی جو ذمہ داری ہے اسے بحسن وخوبی انجام دینے کی کوشش کریں۔ ڈاکٹر سیّد فاروق نے بہت پُر امید لہجے میں کہا کہ طب یونانی کا مستقبل بہت روشن ہے۔ میٹنگ میں آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں تفصیل سے کارگزاری پیش کی اور آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے نئے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد یوسف کا تعارف کرایا اور انہیں ان کی ذمہ داریاں سونپیں۔ میٹنگ میں صوبہ اتراکھنڈ میں طب یونانی کے مختلف مسائل اور ان کے حل پر لائحہ عمل طے کیا گیا۔ خاص طور سے اتراکھنڈ میں گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالج کا قیام، محکمہ آیوش اتراکھنڈ میں ڈپٹی ڈائرکٹر یونانی کے تقرر کو یقینی بنانے پر غور و خوض، دہرہ دون میں سی جی ایچ ایس یونانی ڈسپنسری کا قیام، این آر ایچ ایم کے تحت آیوروید کی طرح یونانی ڈاکٹروں کے تقرر کو یقینی بنانے پر غور و خوض، ضلع اسپتالوں میں آیورویداورہومیوپیتھی کی طرح شعبہ یونانی کا قیام اور یونانی ڈاکٹروں کے تقرر کو یقینی بنانے جیسے اہم مسائل پر روشنی ڈالی گئی اور طے پایا کہ عید کے بعد ایک وفد ڈاکٹر سیّد فاروق کی قیادت میں وزیراعلیٰ اتراکھنڈ سے ملاقات کرے گا اور میمورنڈم پیش کرے گا۔ اظہار خیال کرنے والوں میں حکیم عطاء الرحمن اجملی، محمد عمران قنوجی، ڈاکٹر نظام الدین،ڈاکٹرصابرہ نظام،ڈاکٹرمحمدہارون وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ 

Share: