نئی دہلی: 2/اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ریزرو بینک کے گورنر ارجت پٹیل اور ڈپٹی گورنر کی تنخواہ میں تقریبا تین گنا اضافہ کردیا گیا ہے۔اب آربی آئی گورنر کو ہر ماہ 2.5لاکھ روپے کی بیسک تنخواہ ملتی ہے، وہیں ڈپٹی گورنر کو 2.25لاکھ روپے کی بیسک تنخواہ ملا کرے گی۔غورطلب ہے کہ ابھی تک گورنر کی بیسک تنخواہ 90000ہزار اور ڈپٹی گورنر کی بیسک تنخواہ 80000روپے تھی، جس میں یکم جنوری 2016سے ترمیم کی گئی ہے۔حق اطلاعات قانون (آر ٹی آئی)کے تحت پوچھے گئے سوال کے جواب میں مرکزی بینک نے کہا کہ وزارت خزانہ کے 21/فروری کے نوٹیفکیشن کے مطابق، گورنر اور نائب گورنر کی بیسک تنخواہ میں ترمیم کی گئی ہے۔اس ترمیم کے بعد آر بی آئی کے گورنر ارجت پٹیل کی بیسک تنخواہ 250000روپے فی ماہ، جبکہ ڈپٹی گورنر کی 225000روپے فی ماہ ہو گی۔اس میں ساتھ ہی بتایا گیا ہے کہ آر بی آئی کے گورنر اور ڈپٹی گورنر کو بیسک تنخواہ کے علاوہ مہنگائی بھتہ سمیت کئی دوسرے الاؤنس بھی ملیں گے۔یہ اضافہ یکم جنوری 2016سے موثر مانا جائے گا۔ریزرو بینک کے جواب کے مطابق، مہنگائی بھتے کا نوٹیفکیشن مرکزی حکومت وقتا فوقتا کرتی رہتی ہے،جبکہ دیگر تمام مراعات کی ادائیگی موجودہ شرح پر کی جاتی ہے، حالانکہ مرکزی بینک نے گورنر اور ڈپٹی گورنر کی نئی گراس تنخواہ کی معلومات نہیں دی ہے۔اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ آربی آئی کے گورنر ارجت پٹیل کی تنخواہ دو لاکھ روپے سے کچھ ہی زیادہ ہے اور ان کے گھر پر ملازم بھی نہیں دئے گئے ہیں۔ریزرو بینک نے بتایا ہے کہ پٹیل نے ستمبر میں گورنر کا عہدہ سنبھالا تھا اور ابھی وہ اپنے ڈپٹی گورنر کے طور پر الاٹ کئے گئے فلیٹ میں ہی رہ رہے ہیں۔