سنبھل30مئی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ایس پی سے نکالے گئے لیڈر امر سنگھ کی پارٹی میں واپسی کو لے کر حکمراں سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے اہم لیڈروں میں ناراضگی کے سر ابھر کر سامنے آنے کے بعد اب اتر پردیش میں راشٹریہ لوک دل(آر ایل ڈی) کے ساتھ ممکنہ اتحاد کو لے کر بھی سماجوادی پارٹی میں گہرے اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ایس پی کے اہم صوبائی ترجمان شیو پال سنگھ یادو جہاں فرقہ وارانہ طاقتوں سے مقابلے کیلئے آر ایل ڈی-ایس پی اتحاد کی ضرورت بتا رہے ہیں، وہیں سماج وادی پارٹی کے قومی ترجمان رام گوپال یادو کا کہنا ہے کہ اپنااثر کھو چکے آر ایل ڈی سربراہ اجیت سنگھ سے ملنا ایس پی کے لئے دانشمندانہ نہیں ہوگا۔شیو پال نے سنبھل میں ضلع منصوبہ بندی کے اجلاس سے الگ نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ فرقہ وارانہ طاقتوں اور بی جے پی کو شکست دینے کے لیے تمام لوہیاوادی، چودھری چرن اور گاندھی وادی نظریہ کے لوگ ایک ہوجائیں۔آر ایل ڈی کے ساتھ سماج وادی پارٹی کے اتحاد کے بارے میں پوچھے جانے پر ریاست کے سینئرکابینی وزیرنے کہاکہ بات چیت ابھی شروع ہوئی ہے، اچھی بات ہوئی ہے،ہمارے تو چودھری اجیت سنگھ سے بہت پہلے سے ہی اچھے تعلقات ہیں۔دوسری طرف سماج وادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور ترجمان رام گوپال یادو نے کہا کہ جو لوگ عوام میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں،ایسے لوگوں سے سمجھوتہ کرنا کسی بھی سیاسی پارٹی کے لیے سمجھداری والی بات نہیں ہوگی۔