بنگلور:17/مارچ(ایس او نیوز)ریاست میں مختلف عہدوں پر تعینات تمام آئی اے ایس آفیسروں کو سرکاری کام کاج صرف کنڑا میں انجام دینا ہوگا۔یہ تاکید آج وزیراعلیٰ سدرامیا نے کی۔انہوں نے کہاکہ کنڑا مخالف رویہ اپنانے کا جو طریقہ بعض آئی اے ایس افسران نے اپنا رکھا ہے، وہ درست نہیں۔ کسی بھی آئی اے ایس آفیسر کو کرناٹک میں اگر ڈیوٹی کرنی ہے تو انہیں لازمی طور پر کنڑا سیکھنی ہوگی۔ حال ہی میں ایک آفیسر کی طرف سے کنڑا مخالف رویہ اپنائے جانے کے متعلق شکایت پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ بہت جلد اس سلسلے میں وہ تفصیلات طلب کرکے مناسب کارروائی کریں گے۔ سدرامیا نے کہاکہ تمام افسران پر لازمی ہے کہ وہ کنڑا سیکھیں۔ کنڑا مخالف رویہ اگر اپنایا گیا تو ریاستی حکومت ان افسران کو برداشت نہیں کرے گی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ اس بار ریاستی حکومت نے ہر لحاظ سے بہترین بجٹ پیش کیاہے۔ اسے برداشت نہ کرتے ہوئے اپوزیشن پارٹیاں عوام کو گمراہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔