ریاض/ 25 نومبر (آئی این ایس انڈیا) سعودی عرب میں عدالتی مقدمات کی سمعی وبصری ریکارڈنگ محفوظ کرنے کے منصوبے کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ اس مرحلے میں مکہ مکرمہ صوبے کی عدالتوں کی ریکارڈنگ کو محفوظ کیا جائے گا۔ منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ مرحلہ الریاض شہر کی عدالتوں کے لیے مختص تھا۔سعودی وزارت انصاف کے مطابق پہلا مرحلہ دو ماہ جاری رہا اور اس دوران 77 ہزار سے زیادہ عدالتی مقدمات کی سماعت کی ا?ڈیو ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ کی گئی۔ متعلقہ حکام نے 150 حلقوں کے سیشنوں کو ریکارڈ کرنے پر کام کیا۔ ریکارڈ شدہ سینشنزمیں کرمنل کورٹ 45 ہزار پیشیوں کے ساتھ سرفہرست رہی۔ اس کے بعد جنرل کورٹ 26 ہزار سے زیادہ سیشنوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور لیبر کورٹ 5 ہزار کے قریب پیشیوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔وزارت انصاف ریکارڈ شدہ پیشیوں کے ڈیٹا کو ڈیجیٹل طریقے سے بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے۔عدالتی سیشنوں کی ریکارڈنگ کا مقصد مقدمات کی تمام تر کارروائی کو ڈیجیٹلائز کرنا ہے تا کہ مقدمے کے فریق اور جج کی جانب سے اس کا جائزہ لیا جا سکے۔سپریم جوڈیشل کونسل کو ریکارڈ شدہ سیشنوں کو دیکھنے اور سننے کا حق حاصل ہو گا کیوں کہ یہ ریکارڈ کونسل کے اختیار کے دائرہ کار میں آتا ہے۔وزارت انصاف مختلف منصوبوں اور اقدامات کے ذریعے ٹکنالوجی کو استعمال میں لانے کے لیے کوشاں ہے تا کہ کارکردگی کا معیار بلند کیا جا سکے۔