ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں /  ایگزٹ پول: کرناٹک میں معلق اسمبلی کے آثار، بی جے پی ہوگی سب سے بڑی پارٹی

 ایگزٹ پول: کرناٹک میں معلق اسمبلی کے آثار، بی جے پی ہوگی سب سے بڑی پارٹی

Sat, 12 May 2018 21:24:36    S.O. News Service

 نئی دہلی :12/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کرناٹک میں پولنگ مکمل ہو گئی ہے۔ آخری خبریں ملنے تک پانچ بجے تک 64.5 فیصد پولنگ ہوچکی تھی۔ ریاست کی 224 میں سے 222 سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ تقریبا انتخابی عمل پرامن رہا ہے۔ اگرچہ بی جے پی اور کانگریس کے درمیان وقار کا مسئلہ بن چکی بادامی سیٹ پر وزیر اعلی سدارمیا اور بی جے پی امیدوار شری رامولو کے حامیوں کے درمیان جھڑپ کی خبر بھی ہے۔ پولنگ صبح سات بجے شروع ہوئی اورکئی پولنگ بوتھ پر طویل قطاریں بھی دیکھی گئیں۔ؒشمالی کرناٹک میں سخت دھوپ کے باوجود ووٹروں میں جوش دیکھا گیا۔ کرناٹک کے عوام نے ریاست میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہیں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نہ تو بی جے پی کو اور نہ ہی کانگریس کو واضح اکثریت ملنے کی توقع ہے۔ آٹھ ایگزٹ پول کے مطابق یہی بات سامنے آ تی ہے۔  پول آف ایگزٹ پول کے مطابق 224 رکنی اسمبلی میں بی جے پی 98 سیٹوں پرجیت حاصل کرے گی،جبکہ کانگریس 88 سیٹوں جیت درج کرے گی۔ یہاں حکومت بنانے کے لئے 113 نشستیں جیتنا ضروری ہیں۔ پول آف ایگزٹ پول کے مطابق سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا کی جنتا دل سیکولرکو 33 سیٹیں ملیں گی اور اگر معلق اسمبلی ہوئی تو حکومت بنانے میں ان کا رول اہم ہوگا۔ واضح ہو کہ ووٹوں کی گنتی منگل 15 مئی کو ہوگی۔ ری پبلیکن ٹی وی کے ایگزٹ پول کے مطابق بی جے پی کو 95-114 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ وہیں کانگریس کو 73-82 نشستیں ملنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ اس ایگزٹ پول کے مطابق کانگریس 73-82 سیٹیں جیت سکتی ہے، جبکہ جے ڈی ایس کے کھاتہ میں 32-43 نشستیں جانے کا گمان کیا گیا ہے۔ 2-3 نشستیں دیگر امیدواروں کو ملنے کی بھی امید ظاہر کی گئی ہے۔ وہیں انڈیا ٹی وی کے مطابق کانگریس سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی۔ انڈیا ٹی وی کے ایگزٹ پول کے مطابق بی جے پی کو 87 سیٹیں ملیں گی جبکہ کانگریس 97 سیٹوں پر جیت درج کر سکتی ہے۔ دیوگوڑا کی پارٹی کو 35 سیٹیں ملنے کا گمان ہے جبکہ دیگر یا آزاد امیدوار کے کھاتے میں 3 نشستیں جا سکتی ہیں۔ اے بی پی نیوز ایگزٹ پول بی جے پی کے سب سے بڑی پارٹی ہونے کی پیشن گوئی کرتا ہے۔ اے بی پی ایگزٹ پول کے مطابق بی جے پی کو 97-109 نشستیں ملتی نظر آرہی ہیں جبکہ کانگریس 87-99 سیٹیں جیت سکتی ہے۔ وہیں جے ڈی ایس اور اس کی حلیف جماعتوں کو 21-30 سیٹیں مل سکتی ہیں۔  دیگر کے کھاتے میں 1-8 نشستیں جا سکتی ہیں۔انڈیا ٹوڈے کے ایگزٹ پول نے کانگریس کو سب سے بڑی پارٹی ہونے کی توقع ظاہر کی ہے۔ اس کے مطابق بی جے پی کو 79-92 سیٹیں مل سکتی ہیں جبکہ کانگریس کے کھاتے میں 106-118 نشستیں جاتی نظر آرہی ہیں دیو گوڑا کی پارٹی کو 22-30 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ این ڈی ٹی وی کے ایگزٹ پول کے مطابق کرناٹک میں معلق اسمبلی بنتی نظر آرہی ہے جس میں بی جے پی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرتی نظر آئے گی۔پول آف ایگزٹ پول کے مطابق بی جے پی 100 سیٹوں پر فتح حاصل کرتی ہوئی نظر آرہی ہے،جبکہ کانگریس 86 سیٹیں جیت سکتی ہے۔ اس کے علاوہ دیوگوڑا کی پارٹی اور ا س کی حلیف جماعتوں کو 33 نشستیں ملنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔الغرض تمام امیدواروں کی قسمت اب ای وی ایم مشین میں قید ہوچکی ہے جب ووٹوں کی گنتی ہوگی تو کون اس جنگ کا سکندر ہوگا یہ وقت ہی بتائے گا۔   


Share: