ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / "پھول ہاتھوں میں لیے نکلے ہیں ملت کے جواں "

"پھول ہاتھوں میں لیے نکلے ہیں ملت کے جواں "

Fri, 19 Aug 2016 14:31:20    S.O. News Service

تاریخ بھٹکل کا ایک سنہرا باب کھلا ، پہلی دفعہ بچوں پر ایک خوبصورت میگزین "پھول "کا اجرا 

 بھٹکل:19/اگست(ایس او نیوز)بچے قوم ملت کا مستقبل ہوتے ہیں،ایک صالح معاشرے کی تعمیر میں بچوں کی تربیت اور تعلیم کا اہم کردار ہوتا ہے تاریخ کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ جس قوم نے بچوں کی صحیح تربیت پر زور دیا وہ قوم ثریا تک پہنچی ، ان کا ستارۂ اقبال ہمیشہ بلند رہا اور اسی قوم سے علی مرتضی جیسے بہادر،محمد بن قاسم جیسے نڈر اور محمد فاتح جیسے بےباک نکلے..بچوں کی تعلیم و تربیت کے مختلف ذرائع رہے ہیں ان میں ایک ذریعہ بچوں کا مطالعہ بھی ہے، بچہ بچپن میں جو پڑھتا ہے وہی چیز عمر بھر اس کے ساتھ پتھر پر لکیر کی طرح رہتی ہے، مغربی ممالک نے گذشتہ صدیوں میں ایسے لٹریچر تیار کیے جن سے بچوں کے ذہن اپنے دین اور  اپنے ایمان سے منحرف ہوگئے اور آج بھی یہ سلسلہ برابر جاری ہے...

اس طوفان بلاخیز کے مقابلے کے لیے جنوب ہند کی سرزمین بھٹکل سے چند نوجوان اپنے بڑوں کی سرپرستی اور رہنمائی میں خود کی اصلاح کے ساتھ بچوں کے اسلام اور ایمان کی سلامتی کے لیے ایک دینی اسلامی اور تربتی رسالہ بنام "پھول"کا آغاز  کیے ہوئے ہیں...

گذشتہ شب یعنی مورخہ 13 ذی قعدہ 1437ھ مطابق 17 اگست بروز بدھ وائی ایم ایس اے کے محی الدین منیری ھال میں مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی کے ہاتھوں اس کا اجرا عمل میں آیا،اس موقع پر بچوں کے اس ماہنامے کے مدیر اعلی ڈاکٹر عبدالحمید اطہر ندوی نے ادب اطفال، ضرورت،اہمیت اور تقاضے پر ایک معلومات افزا مقالہ پیش کیا،مدیر رسالہ عبداللہ دامداابو ندوی نے رسالے کا تعارف،مقصد اور اس کے اہم گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد صرف اور صرف تحفظ دین اور  نئی نسل کو ایمان پر باقی رکھنے کے مشن کی ابتدا ہے...اس محفل میں وائی ایم ایس کے صدر جناب ایم جے عبدالرقیب صاحب نے اس رسالے کو اپنے حسین خواب کی تعبیر کہا اور اس کے لیے حتی المقدور تعاون کا وعدہ کیا-مجلس اصلاح وتنظيم کی طرف سے نمائندگی کرتے ہوئے جناب الطاف کھروری صاحب نے بھی اس نئے اور منفرد کام کو سراہا...

 جنرل سیکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی اور سرپرست اعلی ماہنامہ "پھول"مولانا الیاس صاحب جاکٹی ندوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جب کہ ہر طرف سے کفر و الحاد اور نسلوں کے بگاڑ کے کامیاب منصوبے ہورہے ہیں اس ناگفتہ بہ دور میں نئی نسل کے لیے یہ رسالہ انشاءاللہ مشعل راہ ثابت ہوگا،اور تمام مدارس و اسکولوں کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ اپنے یہاں پڑھنے والے بچوں کو اس رسالے کے مطالعے کا شوق دلائیں اور اس کے لیے ہر ممکن تعاون کریں.

صدارتی خطبہ میں مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے بھی پھول کے سبھی کارکنان کو مبارکباد دی اور اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اللہ نے ہمارے نوجوانوں کو توفیق دی جو اس عظیم خدمت کے لیے کمرکسے ہوئے ہیں-مولانا نے مزید کہا کہ بچوں کا ادب بہت ہی مشکل ہے،اس کے لیے بڑے جگر کی ضرورت ہے، آدمی کو اپنی سطح سے ہٹ کر بچوں کی سطح پر اترناپڑتا ہے جس کو وہی افراد جان سکتے ہیں جو اس سے جڑے ہوئے ہیں...

واضح رہے کہ اس رسالے میں اکثر نوجوان وہ ہیں جو گذشتہ 2 /3 سال قبل فارغ التحصیل ہوئے اور مختلف میدانوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں،وہ نوعمر بچے بھی ہیں جو ابھی اسکولوں اور مدرسوں میں زیرتعلیم ہیں-

 رسالے کی  مشاورت میں مولانا عبدالمتین صاحب منیری(ڈائریکٹر بھٹکلیس ڈاٹ کام و رکن شوری جامعہ اسلامیہ بھٹکل)، ایڈیٹرانچیف فکروخبر مولانا ہاشم ندوی،استاذ ندوۃ العلماء مولانا فیصل احمد ارمار ندوی،ایڈیٹر ماہنامہ ھلال رامپور جناب عبدالباری وسیم،مولانا سمعان خلیفہ ندوی اور مولانا داؤد خلیفہ ندوی ہیں...

رات سوا گیارہ تک چلنے والے اس جلسے کی نظامت مولانا سمعان خلیفہ ندوی نے کی-

جازب نظر، رنگارنگ اور تصویروں سے مرصع بچوں کے اس پیارے ماہنامے کی سال بھر کی قیمت 300 روپے اور فی شمارہ 30 روپئے میں "پھول"دفتر شمس الدین روڈ نوائط کالونی بھٹکل اور بھٹکل کی مختلف دکانوں میں دستیاب ہے.

ادارہ ماہنامہ پھول 


Share: