تروونت پورم 20اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی نے کیرالہ کے 21لاپتہ نوجوانوں سے جڑے معاملے کی تحقیقات قومی تحقیقاتی ایجنسی سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔شبہ ہے کہ یہ نوجوان دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ میں شامل ہو چکے ہیں۔بی جے پی کے قومی سکریٹری سری کانت شرما نے کہا کہ کیرالہ حکومت کو معاملے کی این آئی اے سے تحقیقات کرانی چاہئے کیونکہ آئی ایس آئی ایس قومی سلامتی کے لئے فکر بن گیا ہے۔بی جے پی کارکنوں کے لئے یہاں میڈیا ورکشاپ کے الگ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے لڑنے کے لئے ہم سب کو متحد ہونا چاہئے،معاملے کو مذہبی یا فرقہ وارانہ بنیاد پر نہیں دیکھا جانا چاہئے،تحقیقات میں ریاست کو تعاون کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کو بچانا ہے کیونکہ وہ ملک کا مستقبل ہیں۔این ڈی اے حکومت کی کارکردگی کے بارے میں شرما نے کہا کہ یہ کرپشن سے آزاد اور شفاف حکومت ہے اور حکومت ضروری اشیاء خوردنی کی قیمت بڑھنے سے روکنے میں کامیاب رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت جب اقتدار میں آئی تھی تو افراط زر کی شرح دس فیصد تھی اور اب یہ چھ فیصد ہے،ہم اسے چار فیصد تک لانے کے لئے مصروف عمل ہیں۔دال کو چھوڑ کر دیگر غذائی اشیاء کی قیمت کنٹرول میں ہے۔پیشرو کانگریس کی زیر قیادت یو پی اے حکومت پر حملہ کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے کہا کہ وہ حکومت بدعنوانی میں ڈوبی ہوئی تھی۔انہوں نے کہاکہ یو پی اے حکومت کے وقت ایک بھی دن ایسا نہیں گزرا جب کسی نہ کسی بدعنوانی معاملے پر بحث نہیں ہوئی ہو۔انہوں نے کہا کہ اس کے مقابلے میں گزشتہ دو سالوں میں کرپشن کا ایک بھی الزام نہیں لگا ہے۔