کابل ،8؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بدھ کی صبح مسلح افراد نے ایک فوجی اسپتال پر حملہ کر دیا۔وزارت دفاع کے ترجمان جنرل دولت وزیری کے مطابق دھماکے کے بعد مسلح افراد نے فائرنگ کی اور سردار محمد داؤد خان اسپتال پر دھاوا بول دیا، فوری طور پر حملہ آوروں کی تعداد معلوم نہیں ہو سکی ہے۔وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے حملے کی تصدیق کی ہے لیکن تاحال اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔کابل کے وزیر اکبر نامی علاقے میں واقع 400بستروں پر مشتمل یہ فوجی اسپتال شہر کا سب سے بڑا اسپتال ہے۔اس علاقے میں کئی اہم سفارتخانوں کے علاوہ دو دیگر اسپتال بھی واقع ہیں۔تاحال اس حملے میں جانی نقصان سے متعلق معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہیں۔
اسپتال کے ایک کارکن عبدالقادر نے بتایا کہ ڈاکٹروں والا سفید کوٹ پہنے متعدد حملہ آور عمارت میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کر دی۔تاحال اس واقعے کی ذمہ داری کسی فرد یا گروہ کی طرف سے قبول نہیں کی گئی ہے لیکن حالیہ مہینوں میں طالبان شدت پسندوں کی طرف سے ملک کے مختلف علاقوں میں مہلک کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کی جاتی رہی ہے۔گزشتہ ہفتے ہی کابل میں سکیورٹی فورسز کی عمارت پر ہونے والے دو خودکش بم حملوں میں کم ازکم 20افراد ہلاک ہو گئے تھے۔