لندن،25/جون (آئی این ایس انڈیا) دی ہیگ میں جنگی جرائم کی تحقیقات کرنے والے ایک خصوصی ٹریبیونل نے کوسووو کے صدر ہاشم تھاچی اور نو دیگر افراد پر سن 1988 سے 1999تک لڑی جانے والی جنگ میں جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم کی فرد جرم عائد کر دی ہے۔جنوب مشرقی یورپ میں واقع بلقان کے خطے کی ریاست کوسووو کے صدر ہاشم تھاچی پر جنگی جرائم کے علاوہ انسانیت کے خلاف جرائم کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں اس عدالت کے وکیل استغاثہ نے تھاچی اور نو دیگر افراد پر سن 1990 کی دہائی کے اواخر میں سربیا کے خلاف جنگ کے دوران جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزمات عائد کیے ہیں۔ ہاشم تھاچی کوسووو کی جنگ میں کوسووو لبریشن آرمی (KLA) کے کمانڈر تھے۔ اس عدالت کے کوسووو اسپیشلسٹ چیمبرز کے وکلاء کی جانب سے بدھ چوبیس جون کو جاری کردہ ایک بیان میں تصدیق کر دی گئی کہ صدر ہاشم تھاچی اور نو دیگر سابقہ فائٹرز پر تقریباً ایک سو افراد کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔