ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / طیارہ حادثہ: ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں انسانی غلطی کا شبہ ظاہر

طیارہ حادثہ: ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں انسانی غلطی کا شبہ ظاہر

Mon, 22 Jun 2020 19:57:02    S.O. News Service

کراچی،22/جون (آئی این ایس انڈیا)کراچی میں 22 مئی کو پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے طیارے کی تباہی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی جس میں انسانی غلطی کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ عید سے دو روز قبل کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں پیش آنے والے اس واقعے میں عملے کے 8 اراکین سمیت 97 مسافر لقمہ اجل بنے تھے اور کریش کے باعث زمین پر موجود ایک 12 سالہ لڑکی بھی دم توڑ گئی تھی۔

مذکورہ حادثے کی تحقیقات کے لیے 4 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جبکہ فرانسیسی ماہرین کی ایک خصوصی ٹیم بھی تفتیشی معاونت کے لیے پاکستان آئی تھی۔ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پر وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کو بریفنگ دی گئی جو وعدے کے مطابق رپورٹ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کریں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ بلیک باکس ڈیٹا سے طیارے میں کسی تکنیکی خرابی کے شواہد نہیں ملے۔ابتدائی رپورٹ میں پائلٹس اور ائیر ٹریفک کنٹرول کی متواتر غلطیوں کی نشاندہی کی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پہلی لینڈنگ کے وقت جہاز 9 ہزار میٹر طویل رن وے کے درمیان میں آکر ٹکرایا جس کے بعد پائلٹ طیارے کو دوبارہ اڑا کر لے گیا۔

رپورٹ کے مطابق لینڈنگ کی پہلی کوشش کے بعد پائلٹ کو جہاز نہیں اڑانا چاہئے تھا، تاہم دوبارہ ٹیک آف کے بعد جہاز کو 17 منٹ تک فضا میں اڑایا گیا اور اس دوران انجن فیل ہو گئے۔


Share: