چنڈی گڑھ، 27؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)حکمران بی جے پی کے رکن اسمبلی پون کمار سینی سائیکل سے قریب 110کلو میٹر کا سفر طے کر چنڈی گڑھ میں واقع ہریانہ اسمبلی پہنچے۔انہوں نے بہتر صحت اور ماحول کے تحفظ کا پیغام دینے کے لئے ایسا کیا۔45سال کے سینی کل اسمبلی کے مانسون اجلاس کے پہلے دن کروکشیتر ضلع میں واقع اپنے حلقہ سے اسمبلی پہنچے۔ان کے ساتھ دس دوسرے پارٹی کارکنان تھے،وہ سب کے سب سائیکل سے آئے۔سینی نے کہا کہ ہم صبح پانچ بج کر 20منٹ پر کروکشیتر سے نکلے اور قریب 110کلومیٹر کا سفر طے کر دوپہر ایک بج کر 45منٹ پر چنڈی گڑھ پہنچے،جب ہم اسمبلی کے پاس پہنچے تو سیکورٹی حکام نے ہمیں روک دیا لیکن جب میں نے انہیں بتایا کہ میں ایک رکن اسمبلی ہوں تو میرے ساتھ موجود اپنے دس ساتھی پارٹی کارکنوں کے اسمبلی کے دروازے تک میرے ساتھ جانے کی منظوری مانگی تو انہوں نے ہمیں جانے دیا۔لاڈوا کے رکن اسمبلی نے کہا کہ سائیکلنگ نہ صرف صحت کے لئے اچھا ہے بلکہ ماحول دوست بھی ہے۔پہلی بار رکن اسمبلی بنے سینی نے کہا کہ مصروف پروگرام کی وجہ سے ہمیں ورزش کا کم وقت ملتا ہے،صبح سے ہی لوگ ملنے آنے لگتے ہیں،آپ ان سے نہیں کہہ سکتے کہ مجھے ورزش میں ایک گھنٹہ لگے گا اور میں بعد میں ملوں گا۔گزشتہ چند ماہ میں میرا بلڈ پریشر بھی بڑھ گیا،پھر مجھے لگا کہ کیوں نہیں سائیکل چلانا شروع کروں۔انہوں نے کہا کہ مصروف پروگرام اور کشیدہ زندگی کے ساتھ کم عمر میں ہی لوگوں کو دل کی بیماری سمیت مختلف قسم کی بیماریاں ہو رہی ہیں۔سینی نے کہا کہ ہمارے ملک میں مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے،مجھے لگتا ہے کہ ہم سب کو اپنی صحت کو ترجیح دینی چاہئے،زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سائیکل چلانے کے لئے حوصلہ افزائی کرنا چاہئے، کم سے کم ارد گرد کے علاقے میں۔جو ممبر اسمبلی اور ممبر پارلیمنٹ سائیکل چلا سکتے ہیں، انہیں اس کا استعمال کرنا چاہئے۔