بنگلورو،11؍مارچ (ایس اونیوز) ریاست میں جاری خشک سالی کی وجہ سے پریشان کسان برادری کے تمام قرضہ جات معاف کرنے کی مانگ کو لے کر کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) نے شہر میں میسور بینک سرکل پر احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سی پی آئی کی قومی عاملہ کے رکن سدناگوڈا پاٹل نے کہاکہ خشک سالی کی وجہ سے فصلوں کو جو نقصان پہنچا ہے اس کا معائنہ کرکے ریاستی حکومت بروقت معاوضہ جاری کرنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے جس کے نتیجہ میں کئی کسان اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں اس کے علاوہ کئی جانور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خشک سالی کی وجہ سے دیہی علاقوں میں مقیم ا فراد بے روزگار ہوچکے ہیں اور ان کا گزر معاش بھی کافی مشکل ہوچکا ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں کاشتکاروں کی پریشانیوں کو سنجیدگی سے لے کر انہیں فوری معاوضہ جاری کریں۔ انہوں نے کہاکہ پروفیسر ایس جے سدارامیا رپورٹ کی سفارشوں پر عمل کرتے ہوئے دیہاتوں میں مقیم افراد کے لئے روزگار کے معاملہ میں ریزرویشن پرعمل کرنے کی مانگ کرنے کے باوجود ابھی تک اس پرعمل نہیں کرپائی ہے۔ احتجاج میں سی پی آئی بنگلور شہری ضلع کے سکریٹری ایم ڈی جری گونو، ناگراج سمیت پارٹی کے دیگر کارکنان موجود تھے۔