ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / تملناڈو کے ساتھ سوتیلا رویہ بند کرو؛ گج طوفان کو قومی تباہی قرار دو: پاپولر فرنٹ کی مرکزی حکومت سے اپیل

تملناڈو کے ساتھ سوتیلا رویہ بند کرو؛ گج طوفان کو قومی تباہی قرار دو: پاپولر فرنٹ کی مرکزی حکومت سے اپیل

Tue, 27 Nov 2018 18:37:46    S.O. News Service

نئی دہلی27 دسمبر(پریس ریلیز؍ایس او نیوز)پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے جنرل سیکریٹری ایم محمد علی جناح نے تملناڈو کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد مرکزی حکومت سے ریاست کے ساتھ سوتیلا رویہ ختم کرنے اور ریاست میں ہوئی بڑی تباہی سے نمٹنے کے لیے طوفان کو قومی تباہی قرار دینے کی اپیل کی۔ تنجور ضلع کے ادیرم پٹنم، سیدوباوچتیرم اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے وقت، جناح نے متاثرین سے ملاقات کر کے تمام نقصانات کا اندازہ لگایا اور لوگوں کو تسلی دی۔

دورے کے بعد اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ''گج طوفان نے ریاست میں بڑی تباہی مچائی ہے، درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور لوگوں کے گھر بار، املاک اور روزی روٹی کو بہت بھاری نقصان پہنچا ہے، جن میں سے اکثر غریب کسان اور ماہی گیر ہیں۔ ریاست کے لوگوں سے کھلی لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنا تو دور ان کے لیے تسلی کے الفاظ بولنا بھی گوارا نہیں کیا۔ تباہی کو آئے ہفتوں گزر گئے، لیکن مرکزی حکومت نے علاقے میں راحت رسانی و بازآبادکاری کی جانب کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ راحت کی رقم نقصانات کی رپورٹ آنے کے بعد ہی مختص کی جا سکتی ہے۔ لیکن اسی حکومت نے جولائی 2017میں گجرات کے دو ضلعوں میں آئے سیلاب کے بعد 500 کروڑ کی رقم فراہم کرنے میں بڑی تیزی دکھائی۔ خود مودی نے علاقے کا دورہ کیا تھا۔ جس سے تملناڈو کے تئیں ان کے سوتیلے رویے کا پتہ چلتا ہے۔ ہم مرکزی حکومت سے اس دوہرے رویے کو ختم کرنے اور ریاستی حکومت کے 15000 کروڑ کی امداد کے مطالبے کو پورا کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ یہ بھی بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر آئی تباہی کو قومی میڈیا نے کوئی خاص اہمیت نہیں دی۔ جبکہ میڈیا کا کام ہی یہ ہے کہ وہ ملک کے سامنے حقیقت کو لا کر حکام کو فوری قدم اٹھانے کے لیے آمادہ کرے۔''

''متاثرین کا یہ عام احساس ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ملنے والا معاوضہ ان کے لیے ناکافی ہے۔ میری تملناڈو حکومت سے بھی درخواست ہے کہ وہ لوگوں کو مناسب معاوضہ فراہم کرے اور اس کی فوری تقسیم کو یقینی بنائے۔''

''میں تملناڈو کے عوام کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ پاپولر فرنٹ ہمارے متاثر بھائیوں کی زندگی کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے اپنی وسعت بھر ہر ممکن کوشش کرے گی۔ ہم ہلاک شدگان کے لواحقین کے ساتھ دل کی گہرائیوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔'' پاپولر فرنٹ کے تقریباً ایک ہزار تربیت یافتہ کیڈرس نے شروع سے ہی راحت و بچاؤ کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ پاپولر فرنٹ کی ریاستی اکائی اب تک تقریباً 90 لاکھ روپے کی لاگت سے بنیادی ضرورت کے سامان تقسیم کر چکی ہے۔ پاپولر فرنٹ کی قومی کمیٹی نے بھی ریاستی کیمٹی کے ریلیف فنڈ کے لیے 20 لاکھ کی رقم دی ہے۔

قومی جنرل سیکریٹری کے ساتھ دورہ کرنے والے وفد میں نصرالدین (رکن ریاستی مجلس عاملہ، پاپولر فرنٹ), علاؤالدین (ضلعی صدر، تنجور), اریب الدین منبئی (ریاستی صدر، آل انڈیا امامس کونسل) اور الیاس (ضلعی صدر، ایس ڈی پی آئی) شامل تھے۔


Share: