ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / امریکہ: احتجاج کے دوران 140 صحافیوں کو تشدد اور درجنوں کو گرفتاری کا سامنا : رپورٹ

امریکہ: احتجاج کے دوران 140 صحافیوں کو تشدد اور درجنوں کو گرفتاری کا سامنا : رپورٹ

Tue, 09 Jun 2020 18:12:49    S.O. News Service

 واشنگٹن،۹/جون (آئی این ایس انڈیا) امریکہ میں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی پولیس تحویل میں ہلاکت کے بعد احتجاجی مظاہروں کے دوران 140 سے زائد صحافیوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے گرفتار اور تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے فرانس-24 کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں مئی کے آخری ہفتے سے جاری مظاہروں کے دوران صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران شدید مشکلات کا سامنا رہا۔مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی زد میں کئی صحافی بھی آئے۔ امریکی نشریاتی ادارے’سی این این‘ کے رپورٹر کی براہ راست کوریج کے دوران گرفتاری کے بعد صحافیوں کو حراست میں لینے کے کئی واقعات پیش آئے۔ رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر لکھنے والے برطانوی صحافی نک واٹرز نے انکشاف کیا ہے کہ 30 مئی سے لے کر سات جون تک 144 واقعات میں صحافی سکیورٹی اہلکاروں کے تشدد کا نشانہ بنے اور انہیں حراست میں لیا گیا۔ان واقعات میں زیادہ تر منی ایپلس میں ہوئے جب کہ ملک کے دیگر شہروں میں صحافی زیرِ عتاب رہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 72 فی صد واقعات میں تعارف کرائے جانے کے باوجود صحافیوں کو ہراساں کیا گیا اور ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کے علاوہ تشدد بھی کیا گیا۔ اس دوران کئی صحافیوں کو حراست میں لیا گیا۔ وائٹ ہاؤس کے باہر مظاہرے کی کوریج کرنے والے آسٹریلیا کے نشریاتی ادارے ’سیون نیوز آسٹریلیا‘ کے صحافی ٹم مائرز کو پولیس اہلکار نے اپنی حفاظتی شیلڈ کے ذریعے دھکے دیئے اور پیچھے ہٹانے کی کوشش کی۔ واقعے پر آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے امریکہ میں آسٹریلوی سفارت خانہ کو واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ امریکہ میں صحافیوں پر تشدد کے واقعات کا ریکارڈ رکھنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس نے اب تک 300 واقعات کا ڈیٹا مرتب کیا ہے۔ان واقعات میں 54 صحافیوں کو گرفتار 208 پر حملہ جب کہ 73 صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ان میں سے 47 واقعات میں پولیس اہلکار ملوث تھے۔


Share: