نئی دہلی، 19؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ اسلام کو حفاظتی ڈھال بنا کر دہشت گردی کا شیطانی کھیل کھیلنے والے لوگ اسلام اور انسانیت کے سب سے بڑے دشمن ہیں اور ان شیطانی طاقتوں کا خاتمہ ہی انسانیت کا سب سے بڑا عزم ہونا چاہیے ۔نقوی نے کہاکہ الگ الگ نام سے سرگرم انسانیت کے ان دشمنوں کے خلاف عالم اسلام سمیت پوری دنیا متحد ہو رہی ہے۔ان شیطانی طاقتوں کا خاتمہ ہی انسانیت کا سب سے بڑا عزم ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام کو حفاظتی ڈھال بنا کر دہشت گردی کا شیطانی کھیل کھیلنے والے لوگ اسلام اور انسانیت کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ممبئی سے سفرحج پر جانے والے ججاج کرام کے لیے منعقد ایک تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے نقوی نے کہا کہ اقلیتی امور کی مرکزی وزارت سفر حج پر جانے والے ہندوستان کے تقریبا ایک لاکھ چھتیس ہزار حجاج کرام کی سہولیات اور سیکورٹی کی دیکھ بھال کے لیے وزارت کے سینئر حکام کا وفد سعودی عرب بھیج رہی ہے۔سرکاری ریلیز کے مطابق، نقوی نے کہا کہ سفر حج پر جانا ہر مسلمان کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش ہوتی ہے۔حج کے مقدس سفر پر جانے والے لوگوں کو اپنے اور اپنے خاندان کی خوشحالی کی دعا کے ساتھ ساتھ پورے ملک اور دنیا میں امن وچین ،سکون ، خوشحالی، اور بھائی چارہ قائم رکھنے کی دعا مانگنی چاہیے ۔قابل ذکر ہے کہ 27؍اگست سے ممبئی سے عازمین حج کا قافلہ سعودی عرب کے جدہ کے لیے روانہ ہو گا ۔ممبئی سے تقریبا 4500حجاج کرام سفر حج پر جائیں گے۔