پلوامہ حملہ:بی جے پی لیڈرآخری رسومات میں مسکراتے رہے:اکھلیش یادو
لکھنؤ، 18 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور اُترپردیش کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادونے پلوامہ حملے کے معاملے میں حکومت کی’’انتظارکرواوردیکھو‘‘ کی پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس حکومت میں انتہا پسند روزانہ ہمارے جوانوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔سابق وزیراعلیٰ نے اپنے ٹوئٹر پر لکھتے ہوئے پوچھا کہ’’ کب تک ہم تین روزہ غم میں توسیع کرتے رہیں گے، روزانہ ہمیں ہمارے جوانوں کی شہادت کی خبریں موصول ہوتی ہیں جبکہ بی جے پی کے سیاست داں مسکراتے چہروں کے ساتھ آخری رسومات کی ادائیگی میں شامل ہوتے ہیں، اکھیلیش نے پوچھا ہے کہ آخر حکومت ہاتھ پر ہاتھ رکھے کس بات کی منتظر ہے۔
ایس پی سربراہ نے اپنے ٹوئٹر پر اس نیوز رپورٹ کو بھی ٹیگ کیا ہے جس میں ایک میجر سمیت چار جوانوں کے جاں بحق ہونے کا تذکرہ ہے۔ اکھلیش وقتا فوقتا نریندر مودی کی سربراہی والی مرکزی حکومت کی پالیسوں کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ ایس پی لیڈر نے اتوار کو بھی دہلی۔وارانسی وندے بھارت ایکسپریس کے حوالے سے بھی بی جے پی حکومت پر حملے کے لئے ٹوئٹر کا سہارا لیا تھا۔