جے شاہ کے معاملے میں آر جے ڈی کاحملہ تیز،شیوانندتیواری نے تحقیقاتی ایجنسیوں کو انکوائری پر لگانے کا کیا مطالبہ
پٹنہ 10؍اکتوبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )کانگریس کے بعد اب آرجے ڈی کے قومی نائب صدر شیوانندتیواری نے امت شاہ کے بیٹے کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کونشانہ بنایا۔ شیوانندتیواری نے کہا کہ جس طرح پارٹی سربراہ لالو یادو، سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی اور سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادوکے خلاف تمام انکوائری ایجنسیاں لگی ہیں، ویسے ہی امت شاہ کے بیٹے جے شاہ کے خلاف بھی انکوائری ایجنسیوں کو لگایا جائے۔پارٹی کے قومی نائب صدر شیوانند تیواری نے کہا کہ’’ نہ کھاؤں گا نہ کھانے دوں گا‘‘ وزیر اعظم جی کے اس وعدہ کا امتحان ابھی جے شاہ کے معاملے میں ہونا ہے۔ تیواری نے کہا کہ جے شاہ ’ ٹیمپل انٹرپرائز‘ نام کی کمپنی کے مالک ہیں۔ یہ کمپنی 2014 تک خسارے میں کام کر رہی تھی ۔بغیرکسی ضمانت کے مکیش امبانی کے قریبی کے متعلق کی کمپنی اس کو 15.78 کروڑ روپے کاقرض دے دیتی ہے۔ پھراچانک یہ کمپنی بندہوجاتی ہے۔