اوپندرکشواہا کے حامیوں نے وزیراعلی نتیش کمارکے خلاف نکالاجلوس، ’پلٹو رام مردہ باد‘کے نعرے بھی لگائے
پٹنہ:10/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار کے وزیراعلی نتیش کمار کے خلاف اوپندر کشواہا کے حامیوں نے پٹنہ میں ایک جلوس نکالا۔جیسے ہی جلوس گاندھی میدان سے ڈاک بنگلہ چوراہے پہنچا، پولیس نے آگے بڑھنے سے روک دیا،اس کے بعد اوپندر کشواہا کے حامیوں نے آگے بڑھنے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے لاٹھی چارج سے بھی دریغ نہ کیا ۔جلوس میں اوپندر کشواہا زندہ باد، نتیش کمار مردہ باد، کشواہا سماج کو نیچ کہنا بند کرو، کشواہا سماج زندہ باد، پلٹو رام مردہ باد، چور اچکوں کی حکومت نہیں چلے گی جیسے نعرے لگے۔گاندھی میدان کے جے پی گولمبر پر سینکڑوں کی تعداد میں موجود کارکنان راج بھون مارچ کے لئے نکلے لیکن انہیں پولیس نے ڈاک بنگلہ چوراہے پر ہی روکے رکھا۔اس دوران کارکنوں کی پولیس کے ساتھ تھوڑی نونک جھونگ بھی ہورہی تھی۔اوپندرکشواہا کا الزام ہے کہ نتیش کمار نے ایک پروگرام میں ان کے لئے نیچ لفظ کا استعمال کیا۔تب سے کشواہااور نتیش کے درمیان کشیدگی،کشواہاکی مانگ ہے کہ وزیر اعلی نتیش کمار اپنے الفاظ واپس لیں۔