وزیراعلیٰ کے عہدے کے لئے میرا نام اچھالنے والے میرے خیرخواہ نہیں:دگ وجے سنگھ
بھوپال ،19؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سابق وزیراعلیٰ دگ وجے سنگھ نے ان لوگوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے جو ریاست میں وزیراعلیٰ عہدہ کے لئے ان کا نام اچھالنا چاہتے ہیں۔ دگ وجے سنگھ نے کہا کہ ایسا کرنے والے لوگ ان کے خیر خواہ نہیں ہیں۔
ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ اور کانگریس کی الیکشن مہم کمیٹی کے صدر رکن پارلیمنٹ جیوتی رادتیہ سندھیا نے کہا ہے کہ وہ اسمبلی کا الیکشن نہیں لڑیں گے۔ ان کے یہ کہنے کے بعد سیاسی گلیاروں میں کانگریس کے وزیراعلیٰ عہدہ کو لے کر قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں۔ وہیں کچھ لوگوں نے اس عہدہ کے لئے سابق وزیراعلیٰ دگ وجے سنگھ کا نام آگے کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر دگ وجے فار سی ایم کمپیئن بھی شروع کرنے کی کوشش کی ہے۔ اسے لے کر سابق وزیراعلیٰ دگ وجے سنگھ نے ٹوئٹ کرکے اپنے بارے میں صورت حال کو صاف کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے بھی یہ مہم شروع کیا ہے وہ میرے خیرخواہ نہیں ہیں۔ میں ایک دہائی تک ریاست کا وزیراعلیٰ رہا ہوں اور میرے اپنے اس بیان سے پیچھے ہٹنے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے،جس میں میں نے کہا تھا کہ میں وزیراعلیٰ عہدہ کا امیدوار نہیں ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ایسا شخص نہیں ہوں جو کہتا کچھ اور کرتا کچھ اور ہوں۔