راج ناتھ سنگھ نے جموں وکشمیرکے گورنرستیہ پال ملک سے ملاقات کی
نئی دہلی ،10؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے بدھ کو مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کر کے ریاست کی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا۔ ریاست میں ابھی شہری مقامی بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں۔تقریباًآدھے گھنٹے تک جاری رہی ملاقات میں گورنر نے راج ناتھ کو ریاست کی نظم ونسق سے باخبر کرایا بالخصوص دہشت گردی متاثر وادی کشمیر کے بارے میں۔ایک افسرنے بتایا کہ گورنر نے وزیر داخلہ کو جموں و کشمیر میں جاری شہری مقامی بلدیاتی انتخابات سے بھی روبرو کرایا۔ریاست میں ابھی گورنر راج نافذ ہے اور ملک ریاست کے انتظامی سربراہ ہیں۔وادی کشمیر میں دہشت گرد گروپوں کی دھمکیوں کی وجہ سے پہلے مرحلے کی پولنگ میں زیادہ تر لوگ پولنگ اسٹیشنوں سے دور رہیں۔پیر کو پہلے مرحلے میں ووٹنگ کی شرح 8.3 ہی رہی۔وہیں جموں اور لداخ میں 65 فیصد سے زیادہ پولنگ ہوئی۔ریاست میں پنچایت انتخابات نو مراحل میں ہوں گے اوراس کی شروعات 17 نومبر سے ہوگی۔