نئے انکشافات کے بعد رافیل پر خاموشی توڑیں مودی، ملک کو دیں جواب: کانگریس
نئی دہلی،17؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس نے رافیل طیارے سودے سے منسلک ’نئے انکشافات‘ کو لے کر بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی پر پھر حملہ بولا اور کہا کہ اب مودی کو خاموشی توڑ کرملک کو جواب دیناچاہیے کہ کیا وہ ملک کے وزیر اعظم ہیں یا ’انل امبانی کے چوکیدار‘ ہیں۔پارٹی نے فرانس کی ورکرز تنظیموں سی جی ٹی اور سی بی ڈی ٹی کی ڈسالٹ کمپنی کے سی او او لوئک سیگلین کے ساتھ ملاقات کی تفصیلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے فرانس کے سابق صدر فرنسوااولاندکے اس بیان کی تصدیق ہوئی ہے کہ مودی حکومت نے آف سیٹ پارٹنر کے طور پر انل امبانی کی کمپنی کا نام پیش کیا تھا اور ایسے میں ان کے پاس کوئی اختیار نہیں تھا۔کانگریس کے اہم ترجمان رندیپ سرجیوالا نامہ بتایا کہ دونوں ورکرز تنظیموں کی ڈسالٹ سی او او کے ساتھ ملاقات کی جو تفصیلات سامنے آئی ہیں اس سے اولند کے اس بیان کے تصدیق ہوئی ہے کہ ان کے پاس آف سیٹ پارٹنر کے طور پر ریلائنس ڈیفنس کے علاوہ کوئی اختیار نہیں تھا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم ان نئے انکشافات کے بعد خاموش نہیں رہ سکتے اور انہیں اب جواب دیناہوگا۔انہیں بتانا ہوگا کہ کیا وہ ملک کے وزیر اعظم ہیں یا انل امبانی کے چوکیدار ہیں؟ سرجیوالا نے دعویٰ کیاہے کہ مودی حکومت ’رافیل گھوٹالے‘کو لے کر جتنا اپنا دفاع کرنے کی کوشش کر رہی ہے اتنا ہی پھنستی جا رہی ہے۔