نئی دہلی کے سوا دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے: سی پی آئی
حیدرآباد11جون (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) سی پی آئی کے سینئر لیڈر ایس سدھاکر ریڈی نے آج کہا کہ نئی دہلی کو چھوڑ کر دہلی کے بقیہ حصے کو مکمل ریاست کا درجہ دیا جانا چاہئے۔سی پی آئی کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دہلی میں سے نئی دہلی کو الگ کرنا چاہئے، جہاں مرکزی حکومت کے دفتر ہیں ۔ غور طلب ہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے کل پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نعرہ دیا تھا کہ 'ایل جی دہلی چھوڑو' اور دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کے لئے مہم چلانے کا اعلان کیا تھا۔اسی بابت ریڈی سے سوال کیا گیا تھا۔ سی پی ایم نے دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دیے جانے کی مانگ کی حمایت کی ہے۔سی پی ایم کی پولٹ بیورو ممبر برندا کرات نے کہا کہ موجودہ نظام میں دہلی کی حکومت لیفٹیننٹ گورنر کے ہاتھ میں ہے اور نوکرشاہوں کی تقرری مرکزی حکومت کرتی ہے۔ یہ نظام انتہائی غیر جمہوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ دہلی میں کانگریس آپ کے خلاف بی جے پی کا ساتھ دے رہی ہے۔مکمل ریاست کے معاملے پر ہم آپ کے مہم کی حمایت کرتے ہیں ۔