ہمیشہ فوج میں جانا چاہتا تھا: جنرل بپن راوت
نئی دہلی ،17؍ فروری ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کا کہنا ہے کہ وہ بچپن میں اپنے اسکول کے یونیفارم پہنتے تھے لیکن ان کے دل میں ہمیشہ فوجی وردی پہننے کی خواہش رہتی تھی۔ راوت کے لیے زندگی نے شاید کچھ ایسا ہی طے کر رکھا تھا، انہوں نے نہ صرف فوج کی وردی پہنی؛ بلکہ فوج کے سربراہ کے عہدے تک بھی پہنچے۔ اتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والے راوت نے کہا کہ وہ ابتدائی تعلیم کے دوران سیکھے گئے انسانیت پر مبنی اسباق کو کبھی بھولے نہیں ہیں۔ جموں کشمیر کے راجوری ضلع کے طالب علموں کے ایک گروپ سے بات کرتے ہوئے جنرل راوت نے کہا کہ کبھی بھی محنت سے سمجھوتہ نہ کریں اورکبھی بھی ناکامیوں سے دلبرداشتہ نہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ کسی کے ناکام ہونے پر اس کی صلاحیت کو کمتر تصور نہیں کرنا چاہیے ۔ انہوں نے بعد میں پروگرام سے الگ اپنے بچپن کی یادیں بھی شیئر کی۔