کجریوال حکومت کو جھٹکا، وزارت داخلہ نے 9 مشیر کو ہٹایا
نئی دہلی17اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مرکزی حکومت نے منگل کو کجریوال حکومت کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے ان کے 9 مشیر کو ہٹا دیا ہے۔ جن لوگوں کو ہٹایا گیا ہے ان میں منیش سسودیا کی تعلیمی مشیر آتشیں مرلنا، معاشی مشیر راگھو چڈھا، میڈیا صلاح کار اروندے پرکاش کے ساتھ ساتھ امردیپ تیواری، سلور تیواری، رام کمار جھا، سمیر ملہوترا، پرشانت سکسینہ اور دنکر ادیب جیسے نام شامل ہیں۔. غور طلب ہے کہ راگھو چڈھا ایک روپے فی ماہ کی تنخواہ پر دہلی حکومت کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے مشیر تھے۔ وہیں مشیر کو ہٹائے جانے کو لے کر وزارت داخلہ کی جانب سے دلیل دی گئی ہے کہ جن عہدوں پر ان لوگوں کی تقرری کی گئی تھی وہ منظور عہدہ نہیں تھا اور ان کی منظوری مرکزی حکومت سے نہیں لی گئی تھی۔ ساتھ ہی وزارت نے کہا کہ سروسز محکمہ مرکزی حکومت کے تحت آتا ہے ؛لہٰذا دہلی کی منتخب حکومت یہ تقرری نہیں کر سکتی۔ بنابریں ان تمام تقرریوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔ وہیں عام آدمی پارٹی کے ذرائع کے مطابق آتشیں مرلنا تعلیم کے میدان میں اچھا کام کر رہی تھی، آتشیں کو روکنے اور تعلیم کے میدان میں اچھا کام نہ ہو ؛ اس لیے ہی آتشیں مرلنا سمیت تمام مشیر کو ہٹادیا گیا ہے ۔