وزیراعلی ملازمتیں فراہم کریں یا مستعفی ہوجائیں: وائی ایس شرمیلا
حیدرآباد،27؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی سربراہ وائی ایس شرمیلا نے کہا ہے کہ ہر گھر کو ایک ملازمت یا نہیں تو بے روزگاری کا الاونس فراہم کرنے ولے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے وعدہ پر یقین کرتے ہوئے عوام نے ان کو اقتدار حوالے کیا، تاہم موجودہ صورتحال یہ ہوگئی ہے کہ ریاست میں بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں نوجوان خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔
وائی ایس شرمیلا نے ضلع رنگاریڈی میں اپنی پرجا پرستھانم یاترا کے ساتویں دن کہا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے لئے جدوجہد کرنے والے نوجوان اب بے روزگاری کی وجہ سے خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو ملازمت فراہم کریں یا پھر اپنے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں۔
ساتھ ہی شرمیلا نے مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی کے آبائی گاوں تماپور میں بے روزگار نوجوانوں کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کے مقام پر متحدہ آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی آنجہانی راج شیکھر ریڈی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اس موقع پر ضعیف افراد اور خواتین سے بات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔