راجدھانی ایکسپریس میں خاتون کے ساتھ چھیڑچھاڑکے الزام کے بعدٹی ٹی کو ریلوے نے کیا معطل، ویٹر کو بھی باہرکر دیا
نئی دہلی،8/اگست (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) دہلی۔رانچی راجدھانی ایکسپریس میں ایک طالبہ سے مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ کے معاملے میں بھارتی ریلوے نے ملزم ٹی ٹی کو معطل کر دیا ہے۔ساتھ ہی ایک ویٹر کو بھی ڈیوٹی سے ہٹا دیا ہے۔متاثرہ کے ایک جاننے والے نے منگل کی رات ٹویٹ کرکے معاملے کی جانکاری دی تھی، جس میں اس نے ریل اہلکارو ں پر متاثرہ کوکچھ نشہ آور اشیاء دینے کا الزام لگایا تھا۔ریلوے کے وزیر اور دیگر حکام کو ٹیگ کر کئے گئے اس ٹویٹ کے بعد ریلوے نے فون پر اس واقعہ کی مکمل تفصیلات لینے کے بعد کارروائی کی۔دراصل ریلوے نے ایک بیان میں کہا کہ شکایت کنندہ نے کوئی ایف آئی آر درج نہیں کرائی ہے۔ ریلوے نے کہا کہ معاملے میں مینیجر کی طرف سے جانچ پڑتال کی گئی اور ملزمان سے پوچھ گچھ کی گئی۔بیان میں کہا گیا ہے اس دوران ٹویٹر شکایت کی بنیاد پر اور معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے رانچی کے ٹی ٹی این آر سروج کو معطل کر دیا گیا ہے اور ملزم ویٹر / وینڈر کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔