بنگلورو میں پولیس کانسٹیبل پر حملہ کرنے والا انجینئر گرفتار
بنگلورو،15؍اپریل (ایس او نیوز) اوبر کیاب ڈرائیور اور پولیس عملہ کے ساتھ جھگڑا کر کے حملہ کرنے کے الزام میں بنڈے پالیہ پولیس نے ایک انجینئر کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس کے مطابق الیکٹرانک سٹی کے رہنے والے وشرانت کو گرفتار کیا گیا جو ایک نجی کمپنی میں ملازم ہے اور اس پر بنڈے پالیہ پولیس اسٹیشن کے پولیس اہلکار وی کے مورتی اور اوبر کیاب ڈرائیور پر حملہ کا الزام ہے، بتایا جاتا ہے کہ 10اپریل کی رات بنڈے پالیہ پولیس اسٹیشن کے کانسٹیبل مورتی اور لال صاب رات گشت پر تھے اور رات سوم سندر پالیہ میں جھگڑے کی اطلاع پاکر وہاں پہنچے۔ اس موقع پر وشرانت اوبر کیاب ڈرائیور کے ساتھ کرایہ کو لیکر جھگڑا کررہا تھا، اس وقت وشرانت نے جھگڑا چھڑانے کی کوشش کرنے والے کانسٹیبل مورتی پر ہی حملہ کردیا۔ اس سلسلہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے وشرانت کو گرفتار کیا۔ ایک اور معاملہ میں ٹرافک کانسٹیبل پر حملہ کرنے کے الزام میں مال بردار گاڑی کے ڈرائیور سرونا کو رام مورتی نگر پولیس نے گرفتار کرلیا۔بنڈے پالیہ پولیس اسٹیشن کے سرکل انسپکٹر آف پولیس نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں پولیس اہلکاروں پر شرپسندوں کے حملوں کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔