ایس ایس ایل سی کے 89 ؍ فیصد پرچوں کی جانچ مکمل، ماہ اگست کے پہلے ہفتہ میں نتائج کا اعلان کرنے بورڈ کا دعویٰ
بنگلورو، 21؍ جولائی (ایس او نیوز) کرناٹکسیکنڈری ایجوکیشن بورڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایس ایس ایل سی کے پرچوں کی جانچ کا کام تقریباً 89 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ اعلان کے تحت ماہ اگست کے پہلے ہفتہ میں نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
حالانکہ جانچ کے کام میں شرکت کرنے والے اساتذہ اور افسروں کا کہنا ہے کہ بنگلورو شہری اور دیہی ضلع میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہے جس کی وجہ سے تقریباً 40 ؍ فیصد اساتذہ نے جانچ کے کام میں شرکت نہیں کی جس کے نتیجہ میں ابھی بہت سا جانچ کا کام باقی ہے۔ ماہ اگست کے پہلے ہفتہ میں نتائج کا اعلان کیا جانا مشکل ہے۔
محکمہ نے آج یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ جانچ پر لاک ڈاؤن کا اثر نہیں پڑا ہے اگلے تین چار دونوں میں جانچ کا کام تکمیل پر پہنچ جائے گا۔ اس کے بعد نتائج اعلان کرنے کی کارروائی شروع کردی جائے گی۔
کہا جارہا ہے کہ بنگلورو کے علاوہ دیگر اضلاع میں جانچ کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ ریاست بھر میں ایس ایس ایل سی کا امتحان کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے زیادہ تاخیر 25 ؍ جون سے شروع ہوتا تھا اور آخری پرچہ کا امتحان 3؍ جولائی کو منعقد ہوا تھا۔ ریاست بھر میں 13؍ جولائی سے جانچ کا آغاز ہوا ہے حالانکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بنگلورو میں جانچ کے کام کا آغاز دو دنوں کی تاخیر سے ہوا تھا۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ جانچ کا بقیہ 11 ؍ فیصد کا م 22 ؍ یا 23 ؍ جولائی تک مکمل ہوجائے گا۔ محکمہ کے ایک افسر نے یہ اطلاع دی ہے۔اطلاع ملی ہے کہ تقریباً 71 ؍ ہزار اساتذہ کو جانچ کے لئے تقرر کیا گیا تھا جن میں سے 68 ؍ ہزار اساتذہ نے جانچ کے کام میں حصہ لیا ہے۔ یہ بات بورڈ کی ڈائرکٹر وی سومنگلا نے بتائی۔
ریاستی وزیر برائے پرائمری و سیکنڈری تعلیم ایس سریش کمار نے اج دوبارہ دعویٰ کیا ہے کہ ایس ایس ایل سی کے نتائج کا اعلان اگست کے پہلے ہفتہ میں کیا جائے گا۔