کانگریس کانشانہ حکومت ہے لنگایت طبقہ نہیں:ڈی کے شیو کمار
بنگلورو، 27؍ستمبر(ایس او نیوز)کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ کانگریس پارٹی ریاستی بی جے پی حکومت کی ناکامیوں کو نشانہ بنارہی ہے لنگایت سماج کو نہیں۔
یہاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شیو کمار نے اس خیال کااظہار کیا اور کہا کہ بسواراج بومئی حکومت کے سربراہ ہیں اس لئے انہیں نشانہ بنایا جانا ہے لیکن بی جے پی کایہ الزام کہ کانگریس لنگایت طبقہ کو نشانہ بنارہی ہے بالکل بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بومئی کوذات کی بنیاد پر وزیر اعلیٰ کا عہدہ نہیں ملا ہے بلکہ آئین نے یہ موقع دیا ہے اس لئے کانگریس صرف حکومت کو نشانہ بنارہی ہے نہ کہ بومئی کے لنگایت طبقہ کو۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ہر شعبہ میں ناکام ہے اور 108ایمبولینس کے مسئلہ کے بعد اب لگتا ہے کہ ریاست میں کوئی حکومت ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مریضوں،کسانوں، غریبوں، مزدوروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے اس کے باوجود جنا اسپندنا پروگرام کے ذریعہ حکومت کی تعریف کی جارہی ہے۔ شیو کمار نے کہا کہ ریاستی وزیر برائے قانون نے بھی حکومت کی ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔