راہل گاندھی نے کیرالہ اور وائناڈ میں سیلاب متاثرین کیلئے امداد طلب کی
نئی دہلی، 9 اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کیرالہ اور اپنے پارلیمانی حلقہ وائناڈ میں سیلاب کی صورتحال کو لے کر جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کی اور ان سے مدد مانگی۔ وائناڈ سے ممبر پارلیمنٹ گاندھی کے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل کے مطابق، انہوں نے وزیر اعظم سے بات کی اور کیرالہ خاص طور وائناڈ میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے متاثر لوگوں کے لئے ہر ممکن مدد کا مطالبہ کیا۔ ان کے ٹویٹر ہینڈل پر کہا گیا ہے کہ:’وزیر اعظم نے آفت سے متاثرہ لوگوں کے لئے ہر ضروری مدد کا بھروسہ دیا ہے۔ اس سے پہلے ملک کئی حصوں اور کیرالہ میں آئے خوفناک سیلاب پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے جمعرات کو پارٹی کارکنوں پر زور دیا تھا کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اپنے پارلیمانی حلقہ وائناڈ میں سیلاب کی صورتحال اور مدد کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کریں گے۔