سنکرانتی کے بعد ڈگری اور پی یو سی کلاسوں کا آغاز: اشوتھ نارائن
بنگلورو،10؍جنوری (ایس او نیوز) نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر سی این اشوتھ نارائن نے آج کہا کہ سنکرانتی تہوار کے بعدڈگری اور پی یو سی دوم کے طلباء کے لئے (آف لائن) کلاسوں کا آغاز ہوجائے گا۔ اس سلسلہ میں وائس چانسلروں کو بھی ماہرین کی رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔ جمعہ کے دن سرکاری اور نجی تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں اور محکمہ کے متعلقہ افسروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ نائب وزیر اعلیٰ نے تبادلہ خیال کیا اور انہیں یہ اطلاع دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک ڈگری ڈپلومہ اور انجینئرنگ کے آخری سمسٹر کے طلباء کیلئے آن لائن کلاسوں کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ویڈیو کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام یونیور سٹیوں کے وائس چانسلروں نے بھی ڈگری ڈپلومہ اور پی یو سی دوم کے لئے باقاعدہ کلاسوں کو شروع کرنے کامشورہ دیا ہے۔ ان کلاسوں کے امتحانات اور اگلے تعلیمی سال برائے2021-22کا آغا ز کب سے کیاجانا چاہئے، اس پر اہم بحث اور مباحثہ جاری ہے۔ پی یو سی کیلئے مئی کے دوسرے ہفتہ سے امتحان شروع کرنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ عنقریب ٹائم ٹیبل جاری کیاجائے گا۔ اس اجلاس میں وی سی ٹی سی یو کے وائس چانسلر ہروسر کری سدھا نے مشورہ دیا کہ آن لائن امتحان سے پن پیپر امتحان ہی بہتر ہے۔