ٹمکورو میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف بیداری اجلاس
ٹمکورو،12/فروری (ایس او نیوز) ملک کی باگ ڈور ایسے لوگوں کے ہاتھ آگئی ہے جو انسانی قدروں سے دور بہت دورہیں۔ یہ بات یہاں کارپوریٹر کمارنے کہی۔ وہ یہاں مرلور دنے رحمت نگرمیں ہونے والے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ یہ اجلاس شہری قوانین میں کی گئی تبدیلی کے خلاف منعقد کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ عوامی حکومت میں کسی بھی نئے قانون کو اگر بنانا ہے تو سب سے پہلے تمام پارٹیوں کی رائے لی جاتی ہے۔ اس کے بارے میں بحث و مباحثے ہوتے ہیں۔ لیکن بی جے پی سرکار نے اس کے خلاف کام کیا اوراپنے آپ فیصلہ کرتے ہوئے قانون میں تبدیلی کردی۔ ملک کے کونے کونے میں سی اے اے، ین آر سی کے خلاف لاکھوں لوگ سڑکوں پر اتر آئے ہیں، اس قانون کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ اس قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ یہ تمام مظاہرے پرامن طریقہ سے ہورہے ہیں۔ لیکن آر ایس ایس والے ہمارے ان پرامن جلسے جلوس کو بدامنی میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ گاندھی جی نے اس ملک میں رام راج کا خواب دیکھا تھا۔ لیکن نریندرمودی اس ملک کو اب غریب ملکوں کی سطح پر لے آئے ہیں۔ غیر دستوری طرز حکومت کے ذریعہ ملک میں بدامنی پھیلارہے ہیں، اگر یہی حال جاری رہا تو ملک اور زیادہ تباہ ہوجائے گا۔ اڈوکیٹ عظیم شریف نے کہاکہ سی اے اے اور این آر سی قوانین کو دستور کے ذریعہ ایک نیا رخ دیئے جانے کی اندرونی کوششیں ہورہی ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب مل کر ملک اور اس کے دستور کی حفاظت کریں۔ غیر دستوری قوانین کے ختم ہونے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ سابق یم ایل اے شفی احمد، کارپوریٹر ہیچ ٹی منجوناتھ،مولانا عباس، مولانا ذوالفقار نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔