کورونا ویکسین کی تقسیم کا پیر کے روز اعلان متوقع، وزیر اعظم کرناٹک کے دو اسپتالوں میں ویکسین کی فراہمی کا آغاز کریں گے: سدھاکر
بنگلورو،10؍جنوری(ایس او نیوز)کرناٹک سمیت ملک بھر میں شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے کے لئے ویکسین دینے کا سلسلہ شروع کرنے کے بارے میں پیر کی شام 4بجے وزیر اعظم مودی کی طرف سے اعلان کیا جائے گا۔ یہ بات کرناٹک کے وزیر صحت ڈاکٹر سدھاکر نے کہی۔
انہوں نے بتایا کہ کرناٹک کو اتوار کی شام تک 13.9لاکھ عدد ویکسین کی آمد ہو جائے گی۔ بنگلورو او ر ہبلی کے ایک ایک اسپتال میں وزیر اعظم کی طرف سے ویکسین مہم کا آن لائن آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے ملک بھر میں کورونا ویکسین دینے کے لئے 5000 مراکز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کرناٹک میں ویکسین کے لئے 235مقامات کی نشاندہی ہو ئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ویکسین دینے کی تیاری کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کے محکمہ صحت کے سکریٹری کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جائزہ میٹنگ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں دو دَور کی کامیاب مشقوں کے بعد ریاست کا طبی عملہ پہلے مرحلہ میں کورونا وارئیرس کو ویکسین دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ پیر کے روز مودی تمام ریاستوں کے وزراء اعلیٰ اور وزراء صحت کے ساتھ ویکسین دینے کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کریں گے اوراسی دوران ممکن ہے کہ ان کی طرف سے ویکسین کے بارے میں حکمت عملی کا اعلان کردیا جائے گا۔