کرناٹک کے چامراج نگر کے بعد گلبرگی میں بھی آکسیجن کی کمی کورونا کے 4مریضوں کی موت،علاقے میں افرا تفری
گلبرگی، 5/مئی(ایس او نیوز) کرناٹک کے کلبرگی ضلع واقع افضل پور تعلقہ میں ونٹی لیٹر پر رہے 4 کووِڈ مریضوں کی منگل کی صبح موت ہو گئی۔
پیر کو چامراج نگر میں آکسیجن کی کمی کے سبب 24 کورونا وائرس مریضوں کی مبینہ طور پر موت ہو چکی ہے۔ مہلوکین کے کنبہ کے مطابق وہ سبھی 70 سال سے اوپر کے تھے اور اتوار کی شام کو کووِڈ سے متعلق پیچیدگیاں بڑھ گئی تھیں اور مبینہ طور پر آکسیجن کی کمی کے سبب موت ہو گئی تھی۔
حالانکہ ضلع افسران نے کہا کہ سبھی 4 مریضوں میں کوموربٹیز کا مسئلہ تھا اور سنگین پیچیدگیوں کے سبب ان کی موت ہو گئی تھی۔ لیکن انھوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ کلبرگی سے آکسیجن خریدنے میں تین سے چار گھنٹے کی تاخیر ہوئی تھی، جہاں آکسیجن جمع ہے۔
اس سے قبل کرناٹک حکومت نے پیر کو چامراج نگر ضلع کے چامراج نگر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں میڈیکل آکسیجن کی فراہمی میں رکاوٹ کے سبب 24 کووڈ مریضوں کی افسوس ناک موت کے بعد جانچ کا حکم دے چکی ہے۔