ملک میں ایک دن میں 5ہزارنئے معاملے،انتظامیہ میں کھلبلی۔ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے حکومت کے پاس کوئی نئی حکمت عملی نہیں
نئی دہلی،18؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) ملک میں کورونا وائرس کے ایک دن میں ہی تقریباً 5000 کیسوں کے سامنے آنے سے انتظامیہ میں کھلبلی ضرورمچی ہے لیکن اس کے پاس اس کے پھیلاؤکو روکنے کیلئے کوئی نئی حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے عام شہری زیادہ پریشان ہے-عام آدمی کویہ سمجھ میں ہی نہیں آرہاہے کہ جب وائرس کا پھیلاؤ اتنی تیزی سے بڑھ رہاہے تو لاک ڈاؤن میں اتنی زیادہ نرمی حکومت کیوں دے رہی ہے؟-کہیں ایسا تو نہیں کہ لاک ڈاؤن کے دوران غریبوں تک راشن پہنچانے میں ناکامی کو چھپانے کیلئے حکومت اب عام شہری کی جان سے کھلواڑ کررہی ہے-ایسے بہت سے سوالات ہیں جو عام لوگوں کے دل و دماغ سے اٹھ رہے ہیں -ان سوالوں کے دوران ہندوستان میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 90 ہزار کے اعداد و شمار کو پار کر گئی ہے اور ہندوستان اب دنیا بھر میں وبا کے سب سے زیادہ اعداد و شمار والے ممالک کی فہرست میں 11ویں نمبر پر آ گیا ہے -صحت کی مرکزی وزارت کی جانب سے اتوار کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں گزشتہ 24گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے 4987نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ اسی مدت میں 120 / افراد کی موت ہوئی ہے -ملک بھر میں اب تک کل90,927لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 2872 / افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ34,109لوگ اس انفیکشن سے مکمل طور ٹھیک ہوئے ہیں اور انہیں مختلف اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے -
مہاراشٹر،گجرات اور تمل ناڈو میں کورونا متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ: عالمی وبا کورونا وائرس کی وبا مہاراشٹر، گجرات اور تمل ناڈومیں کافی تیزی سے پھیل رہی ہے اور ان تینوں ریاستوں میں متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ بالترتیب 30706، 10988 اور 10585 ہو گئی ہے اوران تینوں ریاستوں میں مجموعی طور پر 1834 / افراد کی موت ہو چکی ہے -