کولکاتا،18؍جنوری (آئی این ایس انڈیا) اسمبلی انتخابات سے قبل مغربی بنگال میں سیاسی پیش رفت میں شدت آ چکی ہے۔ حالیہ دنوں پارٹی سے برہم رکن پارلیمنٹ شتابدی رائے جنہوں نے حکمراں جماعت ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا تھا ، کو بنگال یونٹ کا نائب صدر منتخب کرلیا گیا ۔
اس کی اطلاع خبر رساں ادارے نے اتوار کے روز دی۔ دو دن پہلے ہی رکن پارلیامنٹ شتابدی نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ جس کے بعد زعفرانی خیمہ میں شمولیت ٖ کی قیاس آرائیاں تیز ہوگئی تھیں،تاہم بعد میں انہوں نے اس کی تردید کی۔بنگالی فلموں میں اداکاری کرنے والی شتابدی نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے حلقے کے لوگوں سے خطاب کیا۔
انہوں نے لکھا کہ میں اپنے علاقے کے لوگوں سے ملنا چاہتی ہوں ، لیکن میں ایسا کرنے سے قاصر ہوں ، مجھے کئی پروگراموں میں مدعو نہیں کیا گیا ہے۔ جس سے مجھے دکھ ہے رکن پارلیامنٹ شتابد ی کے مطابق میرے خیال میں کچھ لوگ نہیں چاہتے ہیں کہ میں آپ لوگوں سے ملوں۔ اگر مجھے پروگراموں کے بارے میں مطلع نہیں کیا جائے گا تو میں وہاں کیسے جاؤں گی؟
تاہم رکن پارلیامنٹ شتابدی نے جمعہ کی شام دیر سے ہی واضح کردیا تھا کہ ابھیشیک بنرجی (ممتا کے بھتیجے) سے میری گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے میرے ذریعہ اٹھائے گئے مسائل پر بات کی ہے، میں پارٹی کے ساتھ رہوںگی۔19 دسمبر کو ٹی ایم سی کے سابق وزیر شوبھندو ادھیکاری ، جو ٹی ایم سی چھوڑ چکے تھے اور ممتا کے خاص تھے ، نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی، ان کے ساتھ کئی لیڈران نے امت شاہ کی معیت میں زعفرانی خیمہ میں اپنی شمولیت کا اندراج کرایا تھا۔