امروہہ دہشت گردی ماڈیول مقدمہ کے چار ملزمان کو ضمانت ملی
نئی دہلی، 2 جولائی(ایس او نیوز/پریس ریلیز) مبینہ طور سے امروہہ۔ دہلی دہشت گردی ماڈیول مقدمہ میں گرفتار چار ملزمین محمد ارشاد، رئیس، زید ملک اور اعظم کو آج پٹیالہ ہاؤوس کورٹ سے ضمانت مل گئی۔فیصلہ آنے کے بعد ان کے اہل خانہ نے جمعےۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کا شکریہ ادا کیاجنھوں نے ان کے لیے بروقت قانونی امداد فراہم کی۔ واضح ہو کہ گزشتہ سال دسمبر اور اس کے بعد امروہہ اور دہلی سے ایک ہی سیمپل کے مقدمات میں چودہ افراد کو گرفتار کیا گیاتھا، جن میں سے دس کے خلاف گزشتہ ماہ ۱۲/جون کو این آئی اے نے چارج شیٹ داخل کی تھی، تاہم وہ مذکورہ چار افراد کے خلاف چھ ماہ گزرنے کے باوجود بھی چارج شیٹ داخل کرنے میں ناکام رہی۔جس کو بنیاد بنا کر جمعےۃ علماء ہند کے وکلاء نے ضمانت عرضِی داخل کی تھی۔ جمعےۃ علماء ہند کے وکیل ایڈوکیٹ نوراللہ نے بتایا کہ آج عرضی کی سماعت کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج راکیش سیال نے متذکرہ ملزمین کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ رہائی کے حکم کے بعد ملزمین کے اہل خانہ مرکزی دفتر جمعےۃ علماء ہند آئی ٹی او پہنچے جہاں مولانا نیاز احمد فاروقی ایڈوکیٹ سپریم کورٹ و سکریٹری جمعےۃ علماء ہند اور مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعےۃ علماء ہند سے ملاقات کرکے جمعےۃ علماء ہنداوراس کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کا شکریہ ادا کیا۔انھوں نے مولانا مدنی نے اس جذبے کی تحسین کہ انھوں نے کہاتھاکہ جمعےۃ علماء ہند بے قصور افراد کی رہائی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔