سیلاب متاثرین کی راحت کاری کیلئے حکومت فوری توجہ دے: ملیکارجن کھرگے
بنگلورو،10؍اگست(ایس او نیوز)سیلاب متاثرین کی راحت کاری کے لیے حکومت کوفوری طورپر توجہ دینی چاہئے۔ یہ بات کانگریس کے سینئر قائد ورکن راجیہ سبھا ملیکارجن کھرگے نے کہی۔ بنگلورومیں آج میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ شدیدبارش اورسیلابی صورتحال کاجائزہ لینے کے لیے وزاعلیٰ نے اپنے وزارء کوضرورذمہ داری دی ہوگی۔جن وزراء کوذمہ داری دی گئی ہے ان کوچاہئے کہ سیلاب زدہ علاقوں کادورہ کریں،بارش کی وجہ سے گھروں سے محروم ہونے والوں کے لیے فوری طورپر رہائش کا بندوبست کریں۔گزشتہ سال کوڈاگو ضلع میں بھاری بارش ہوئی تھی، امسال بھی وہا ں شدیدبارش ہوئی ہے اوربہت سارا نقصان ہوا ہے۔ حکومت کوچاہئے کہ وہا ں کے مسائل فوراً حل کرے۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ حکومت کی جانب سے اس قسم کی کوئی بھی سرگرمی نظر نہیں آرہی ہے۔زرعی بنیادی ڈھانچہ جات فنڈکے تحت مختلف سہولتوں کی فراہمی کے مقصدسے مرکزی حکومت سے جاری کئے جارہے ایک لاکھ کروڑروپے پرتبصرہ کرتے ہوئے کھرگے نے کہاکہ ابھی حال ہی میں ایم ایس ایم ای کی سبسیڈی کے نام پر20کروڑروپے جاری کئے گئے تھے،ان میں سے اب تک صرف 75ہزارروپے مستفیدین تک پہنچ پائے ہیں۔ فی الحال ہمارے سامنے سب سے بڑامسئلہ کورونا وائرس پرقابوپانے کاہے۔اس جانب زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔اس طرف حکومت کی توجہ کم ہوگئی ہے،کووِڈکے نام پرزورزبردستی کاماحول بن گیاہے۔ بڑی بڑی کمپنیاں بندہوگئی ہیں،اس کے لیے کوئی آوازکہیں سے نہیں اٹھ رہی ہے۔کووِڈکے نام پربدعنوانی کابازارگرم ہے اوراختیارات کا ناجائز استعمال کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔